64 میگا پکسل کیمرے سے لیس ایک اور اسمارٹ فون متعارف
چینی کمپنی رئیل می نے اپنا پہلا 64 میگا پکسل کیمرے والا اسمارٹ فون متعارف کرادیا ہے۔
رئیل می ایکس ٹی اس کمپنی کا نیا فلیگ شپ فون ہے جس میں اسنیپ ڈراگون 712 پراسیسر، 4 ، 6 اور 8 جی بی ریم، 64 یا 128 جی بی اسٹوریج کے آپشن دیئے گئے ہیں، جبکہ مائیکرو ایس ڈی کارڈ کی مدد سے اسٹوریج میں مزید اضافہ کیا جاسکتا ہے۔
اس فون میں 4000 ایم اے ایچ بیٹری 20 واٹ وی او او سی اڈاپٹر کے ساتھ دی گئی ہے جو 80 منٹ میں مکمل بیٹری چارج کرسکتا ہے۔
رئیل می ایکس ٹی میں تھری ڈی کروڈ گلاس رئیر پینل دیا گیا ہے جبکہ ڈسپلے کے تحفظ کے لیے گوریلا گلاس 5 موجود ہے۔
یہ 6.4 انچ کے سپر امولیڈ ڈسپلے سے لیس ہے جس میں فنگرپرنٹ اسکینر بھی موجود ہے۔
اینڈرائیڈ پائی کا امتزاج کمپنی نے اپنے کلر او ایس 6 سے کیا ہے جو گیم کھیلنے کے دوران فون کی رفتار کو تیز رکھنے میں مدد دیتا ہے۔
مگر اس کی خاص بات اس کا کیمرا سسٹم ہی ہے جس میں اس کمپنی نے سام سنگ کے جی ڈبلیو 1 64 میگا پکسل سنسر دیا ہے جو کہ 48 میگا پکسل سنسر سے 34 فیصد بڑا ہے اور یہ بائی ڈیفالٹ 16 میگا پکسل فوٹو کھینچتا ہے مگر ایک خصوص الٹرا 64 ایم پی موڈ بھی دیا گیا ہے جو 9216×6912 پکسلز والی تصویر لے سکتا ہے۔
اس وقت جن فونز میں 48 میگا پکسل کیمرا سنسر دیئے گئے ہیں، وہ 12 میگا پکسل تصاویر شوٹ کرتے ہیں، جن میں 4 پکسلز کو ایک کردیا جاتا ہے جبکہ رئیل می کے فون میں سام سنگ کا جی ڈبلیو 1 سنسر استعمال کیا گیا ہے جو بائی ڈیفالٹ 16 میگا پکسل تصاویر کھینچتا ہے۔