لائف اسٹائل

'کیریئر کی شروعات میں ریما اور صائمہ نے پریشان کیا'

پاکستان کی نامور اداکارہ میرا نے ایک انٹرویو میں اپنی فلم ’باجی‘ اور کیریئر کے حوالے سے کھل کر بات کی۔

پاکستان کی نامور اداکارہ میرا کی فلم 'باجی' پاکستان کے ساتھ ساتھ دنیا بھر میں بے حد مقبول ہورہی ہے اور اس فلم کی مقبولیت کو دیکھتے ہوئے فلم کی مرکزی اداکارہ کا خیال ہے کہ اب آخر کار انڈسٹری میں ان کو اپنے ٹیلنٹ کو سامنے لانے کا موقع مل گیا۔

ادکارہ میرا اپنی فلم باجی کے ہدایت کار ثاقب ملک کے ہمراہ عفت عمر کے شو سے 'اٹ آل ود عفت عمر' کا حصہ بنیں۔

اس موقع پر میرا نے اپنی فلم باجی کی شوٹنگ کے تجربے جبکہ اسے ملنے والی پذیرائی پر بات کی۔

مزید پڑھیں: میرا کی شاندار پرفارمنس سے ’باجی‘ کا اچھا آغاز

ایک موقع پر فلم کے ہدایت کار نے یہ بھی بتایا کہ فلم کا نام باجی رکھنے کا فیصلہ انہوں نے کیا جبکہ فلم میں موجود مرکزی کردار عثمان خالد بٹ اس نام کو تبدیل کرنے کے خواہشمند تھے۔

جب عفت عمر نے ان سے سوال کیا کہ اگر میرا فلم میں کام کرنے کی حامی نہ بھرتیں تو وہ ان میں سے کس اداکارہ کو کاسٹ کرتے؟

جس پر ثاقب ملک نے کہا کہ اگر میرا اس فلم میں کام کرنے پر رضامند نہ ہوتیں تو وہ ریما، نرگس یا ریشم میں سے کسی کو کاسٹ نہیں کرتے بلکہ وہ باجی فلم بناتے ہی نہیں۔

انٹرویو کے دوران میرا نے یہ بھی بتایا کہ کیریئر کے ابتدا میں اداکارہ ریما اور صائمہ نے انہیں پریشان کیا اور ان کے ساتھ انہوں نے مشکل وقت گزارا۔

ایک موقع پر عفت عمر نے دعویٰ کیا کہ پاکستان میں انصاف نہیں اور یہاں ہونے والے ایوارڈز کی تقریب میں ان اداکاروں کو پیچھے بٹھا دیا جاتا ہے جنہوں نے انڈسٹری میں زیادہ کام کیا جبکہ وہ اداکار سامنے رہتے ہیں جنہیں انڈسٹری کا حصہ بنے کچھ عرصہ ہی ہوتا ہے۔

عفت عمر نے یہ بھی کہا کہ وہ ایسے ایوارڈ شوز کا حصہ بننے سے بہتر ہے کہ ان میں نہ جانے کا فیصلہ کریں۔

اس پر میرا کا کہنا تھا کہ 'میرے لیے اب صرف میرا کام اہم ہے'۔

میرا نے مزید کہا کہ 'میری خواہش ہے کہ ایسے کردار ادا کروں جنہیں دنیا بھر میں پسند کیا جائے، لیکن یہاں کا سب سے بڑا مسئلہ یہ ہے کہ لوگ آپ کے کام کو اس وقت پسند کرتے ہیں جب آپ مرجاتے ہیں، اس وقت انہیں اندازہ ہوتا ہے کہ آپ نے انڈسٹری کے لیے کتنا کام کیا'۔

یہ بھی پڑھیں: میرا کی فلم 'باجی' نے کینیڈا میں دو ایوارڈز جیت لیے

یاد رہے کہ فلم 'باجی' میں میرا کے ساتھ عثمان خالد بٹ، محسن عباس حیدر، آمنہ الیاس اور علی کاظمی نے اہم کردار نبھائے۔

اس فلم کو کینیڈا کے موسیک انٹرنیشنل ساؤتھ ایشین فلم فیسٹیول میں 2 ایوارڈز سے بھی نوازا گیا۔