پاکستان

وزیراعلیٰ پنجاب کے ترجمان مستعفی، مشیر بھی تبدیل

شہباز گل نے اپنے استعفے سے قبل سوشل میڈیا پر بھی ایک ٹوئٹ کیا، جس میں اہم فیصلے کا اشارہ دیا تھا۔
|

وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کے ترجمان شہباز گِل نے اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دیا۔

انہوں نے اپنا استعفیٰ وزیراعلیٰ پنجاب کو بھیج دیا جبکہ اس کے ساتھ ہی وزیراعلیٰ کے مشیر عون چوہدری کو ان کے عہدے سے ہٹادیا گیا۔

مزید پڑھیں: لیڈی پولیس کانسٹیبل نے ترجمان وزیراعلیٰ پنجاب کی کہانی جھوٹی قرار دے دی

واضح رہے کہ مستعفی ہونے سے قبل وزیراعلیٰ پنجاب کے ترجمان شہباز گل نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر ایک ٹوئٹ میں کہا تھا کہ 'آج صبح ایک اہم فیصلہ لیا ہے، اس حوالے سے جلد آگاہ کروں گا'۔

بعد ازاں ان کا استعفیٰ سامنے آیا، جس میں انہوں نے لکھا کہ میں وزیراعلیٰ پنجاب کے ترجمان کے عہدے سے استعفیٰ دیتا ہوں۔

شہباز گل کے بھیجے گئے استعفے کا عکس —فوٹو: اسکرین شاٹ

خیال رہے کہ شہبازگل پنجاب حکومت میں وزیراعلیٰ کی ترجمانی کرتے ہوئے کافی متحرک نظر آتے تھے، وہ ناصرف سوشل میڈیا پر وزیراعلیٰ کا دفاع کرتے تھے بلکہ ذرائع ابلاغ پر بھی عثمان بزدار کے حق میں بات کرتے تھے۔

اس حوالے سے گزشتہ دنوں انہوں نے ایک پریس کانفرنس میں کہا تھا کہ 'وزیراعظم عمران خان نے عثمان بزدار کو 5 سال کے لیے وزیر اعلیٰ پنجاب بنایا ہے، اگر کسی کو عثمان بزدار کی شکل اچھی نہیں لگتی تو وہ کچھ نہیں کر سکتے'۔

یہ بھی پڑھیں: پی ٹی آئی کی پارلیمانی پارٹی کا عثمان بزدار پر مکمل اعتماد کا اظہار

ساتھ ہی انہوں نے یہ بھی کہا تھا کہ 'ماضی کی طرح وزیراعلیٰ پنجاب ایک یا دو مہینے نہیں مانگیں گے بلکہ جس دن وزیراعظم کا حکم آیا عثمان بزدار 12 گھنٹوں میں وزیر اعلیٰ ہاؤس چھوڑدیں گے۔

وزیراعلیٰ پنجاب کے مشیر بھی تبدیل

دوسری جانب پنجاب حکومت میں مزید رد و بدل دیکھنے میں آیا اور وزیراعلیٰ کے مشیر عون چوہدری کو ہٹا کر آصف محمود کو ان کی جگہ تعینات کردیا گیا۔

اس حوالے سے وزیراعلیٰ پنجاب کے آفس سے ایک نوٹیفکیشن جاری کیا گیا، جس میں بتایا گیا کہ محمد عون چوہدری کی جگہ آصف محمود کو وزیراعلیٰ کا مشیر تقرر کیا جاتا ہے، جس کا اطلاق فوری طور پر ہوگا۔