پاکستان

کشمیر کا ٹیبل کے نیچے سمجھوتہ نہیں ہوگا، شیخ رشید

جو لوگ سمجھتے ہیں کہ کشمیر کا مسئلہ حل کیے بغیر مذاکرات ہوسکتے ہیں وہ بے وقوف ہیں، وفاقی وزیر ریلوے

وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد کا کہنا ہے کہ کشمیر کا مسئلہ حل کیے بغیر مذاکرات نہیں ہوسکتے، کشمیری عقل مند قوم ہے اور ٹیبل کے نیچے ان کا سمجھوتہ نہیں ہونے جارہا۔

مظفر آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے اپوزیشن سے کشمیر کے مسئلے پر ایک ہونے کی اپیل کی۔

ان کا کہنا تھا کہ 'نریندر مودی کی عقل جواب دے چکی ہے اور مودی سمجھتا ہے پاکستان معاشی مسائل میں گھرا ہوا ہے'۔

انہوں نے کہا کہ 'پاکستان کی معیشت کمزور ہوسکتی ہے لیکن دفاع نہیں، ہمارے نوجوان جان ہتھیلی پر رکھ کر مودی کے حملے کا انتظار کر رہے ہیں'۔

مزید پڑھیں: وزیر خارجہ نے مقبوضہ کشمیر کے معاملے پر 'حادثاتی جنگ' کے خطرے سے خبردار کردیا

شیخ رشید کا کہنا تھا کہ 'بھارت نے منصوبہ بندی کے تحت کشمیر کے دو ٹکڑے کیے، مجھے یقین ہے کہ 27 تاریخ کو وزیر اعظم جینیوا میں عالمی برادری کو واضح پیغام دیں گے'۔

انہوں نے کہا کہ 'مودی فاشسٹ نے 303 اراکین میں سے کسی مسلمان کو ٹکٹ نہیں دیا، آسام میں 20 لاکھ مسلمانوں کو اس نے دوسرے درجے کا شہری بنادیا جس کے بعد وہ اتر پردیش، مہاراشٹر لکھنؤ وغیرہ میں بھی یہی کام کرنے کا ارادہ رکھتا ہے'۔

ان کا کہنا تھا کہ 'نریندر مودی نے اسلام اور مسلمانوں کے خلاف اعلان جنگ کیا ہے، اس کا ہندوستان میں سپر پاور بننے کا خواب نیست و نابود ہوجائے گا'۔

وزیر ریلوے کا کہنا تھا کہ 'ہندوستان میں نسل کشی کو کبھی قبول نہیں کریں گے'۔

انہوں نے اعلان کیا کہ 'وہ 22 ستمبر کو سرحد کے اس مقام پر جائیں گے جہاں بھارتی طیارہ گرایا گیا تھا'۔

ان کا کہنا تھا کہ 'آزاد کشمیر کا دورہ مکمل کرنے کے بعد مقبوضہ کشمیر میں کال دوں گا اور اس کا نتیجہ دنیا دیکھے گی'۔

یہ بھی پڑھیں: کشمیر پر سعودی و اماراتی وزرا کے بیان سے متعلق رپورٹس 'قیاس آرائیاں' ہیں، دفترخارجہ

انہوں نے کشمیر کے حق میں میڈیا کے کردار کو سراہا اور کہا کہ 'چاہتا ہوں کہ مقبوضہ کشمیر میں بھی پاکستانی چینل دکھائے جائیں‘۔

شیخ رشید کا کہنا تھا کہ 'بھارت نے ایٹمی دھماکا کرکے غلطی کی تھی، اسی طرح بھارت نے لاقانونیت کرکے غلطی کی ہے، تاریخ ثابت کرے گی کہ بھارت کسی بھی جانب سے گھسنے کی کوشش کرلے نیست و نابود ہوجائے گا'۔

ان کا کہنا تھا کہ 'جو لوگ سمجھتے ہیں کہ کشمیر کا مسئلہ حل کیے بغیر مذاکرات ہوسکتے ہیں تو وہ بے وقوف ہیں، کشمیر کا ٹیبل کے نیچے سمجھوتہ نہیں ہونے جارہا'۔

انہوں نے کہا کہ 'ہمیں معلوم ہے کہ بھارت میں 22 سے 24 کروڑ مسلمان ہیں اور ہمیں یہ بھی معلوم ہے کہ کونسا مصالحہ کہاں استعمال کرنا ہے'۔

انہوں نے مزید کہا کہ 'ہم اس جگہ پر پہنچ چکے ہیں کہ ابھی نہیں تو کبھی نہیں'۔