دنیا کی 500 بہترین جامعات میں قائداعظم یونیورسٹی ایک مرتبہ پھر شامل
قائداعظم یونیورسٹی دنیا کی 500 بہترین جامعات کی فہرست میں ایک مرتبہ پھر جگہ بنانے والی واحد پاکستانی یونیورسٹی بن گئی۔
برطانوی میگزین ’ٹائمز ہائیر ایجوکیشن‘ (ٹی ایچ ای) نے دنیا کی 500 بہترین جامعات کی فہرست جاری کردی، جس میں 92 ممالک کی 1400 جامعات کا جائزہ لیا گیا، اس فہرست میں 14 پاکستانی جامعات بھی شامل ہیں۔
فہرست کا حصہ بننے والی باقی 13 یونیورسٹیز میں کومسیٹس یونیورسٹی اسلام آباد، زرعی یونیورسٹی فیصل آباد، انٹرنیشنل اسلامک یونیورسٹی اسلام آباد، لاہور یونیورسٹی آف مینجمنٹ سائنسز، یونیورسٹی آف پنجاب، بہاؤالدین ذکریا یونیورسٹی، یونیورسٹی آف انجینیئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی لاہور، گورنمنٹ کالک یونیورسٹی لاہور، یونیورسٹی آف پشاور، راولپنڈی زرعی یونیورسٹی، یونیورسٹی آف سرگودھا اور یونیورسٹی آف ویٹئرنری اینڈ اینیمل سائنسز لاہور شامل ہیں۔
مزید پڑھیں: این ای ڈی یونیورسٹی دنیا کی 200 بہترین جامعات میں شامل
اسلامک انٹرنیشنل یونیورسٹی کے ایک استاد، حسن شہزاد کا اس حوالے سے کہنا تھا کہ 'اب وقت آگیا ہے کہ پاکستانی یونیورسٹیز بین الاقوامی درجہ بندی کو سنجیدگی سے لیں'۔
ڈان سے بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ یہ درجہ بندی یونیورسٹیز کے لیے بےحد اہم ہے۔
جامعات کی درجہ بندی کے لیے اچھی صحت، معیاری تعلیم، صنفی برابری، بہترین کام اور معاشی ترقی، انڈسٹری، انوویشن اینڈ انفراسٹرکچر، عدم مساوات میں کمی، امن انصاف اور مضبوط ادارے کو اہم عنصر کے طور پر دیکھا جاتا ہے۔
میگزین کے مطابق بہترین یونیورسٹی کا اعزاز برطانیہ کی آکسفورڈ یونیورسٹی نے حاصل کیا، جو 2017 سے یہ پوزیشن حاصل کرنے میں کامیاب ہورہی ہے۔
دوسری پوزیشن کیلیفورنیا انسٹیٹیوٹ آف ٹیکنالوجی نے حاصل کی جبکہ یونیورسٹی آف کیمبرج نے تیسری پوزیشن حاصل کی۔
فہرست میں سب سے زیادہ امریکی اور برطانوی یونیورسٹیز نے جگہ بنائی جبکہ چین اور جاپان کی یونیورسٹی بھی اس فہرست میں آگے آگے رہیں۔
خیال رہے کہ گزشتہ سال سامنے آئی ایشیا کی بہترین یونیورسٹیز کی فہرست میں بھی قائد اعظم یونیورسٹی (کیو اے یو) جگہ بنانے میں کامیاب ہوئی تھی۔