لائف اسٹائل

صدف کنول کے متنازع بیان پر منشا پاشا کا جواب

دونوں کے درمیان گزشتہ سال ایک ٹوئٹ کے بعد تکرار دیکھنے میں آئی تھی اور اب ایک مرتبہ پھر دونوں میں تنازع سامنے آیا ہے۔

اداکارہ منشا پاشا اور ماڈل صدف کنول کے درمیان گزشتہ سال ایک ٹوئٹ کے بعد چھوٹا سا جھگڑا ہوا تھا۔

اس تنازع کی وجہ منشا پاشا کی جانب سے ایک ٹوئٹ میں کچھ خواتین کو ٹھیک طرح سے بات کرنے کا مشورہ دینا بنا تھا۔

انہوں نے ٹوئٹ میں لکھا کہ ‘میں نے شوہر سے شادی کرنے کے لیے ایک دوست اور منگیتر کو دھوکا دیا سے لے کر جب ‘می ٹو’ ہوتا ہے اسی وقت کیوں نہیں بولا جاتا اور انکل بین اور اسپائیڈر مین ‘تک انڈسٹری کی خواتین کو ٹھیک طرح سے بات کرنی چاہیے'۔

اگرچہ انہوں نے اس ٹوئٹ میں بھی کسی کا نام نہیں لیا لیکن بظاہر منشا پاشا کا اشارہ ایک انٹرویو کے دوران اداکارہ حرا مانی کے اس اعتراف کی جانب تھا جس میں انہوں نے انکشاف کیا تھا کہ اداکار سلیم مانی سے شادی کرنے کے لیے سابق منگیتر اور دوست کو 8 ماہ تک دھوکا دیا۔

اسکرین شاٹ

منشا پاشا کا دوسرا اشارہ صدف کنول کی جانب تھا، جنہوں نے بھی اپنے ایک انٹرویو کے دوران کہا تھا کہ جنسی طور پر ہراساں کیے جانے کے خلاف اب بات کرنے والی خواتین نے اس وقت بات کیوں نہیں کی، جب انہیں ہراساں کیا جا رہا تھا۔

جس پر صدف کنول نے انسٹاگرام اسٹوری میں لکھا کہ 'ہم آپ کو کپڑے پہننا سکھاتے ہیں، آپ ہمیں بولنا سکھادو'۔

اس کے بعد منشا پاشا کی جانب سے کوئی ردعمل تو نہیں دیا گیا مگر لگتا ہے کہ وہ کشیدگی ختم نہیں ہوسکی کیونکہ احسن خان کے ٹاک شو میں شرکت کے دوران جب صدف کنول سے پوچھا گیا کہ کون انڈسٹری سے تعلق نہیں رکھتا تو انہوں نے کہا منشا پاشا۔

جب ان سے پوچھا گیا کہ وہ ایسا کیوں کہہ رہی ہیں تو اس پر ان کا کہنا تھا کہ 'ویسے ہی، وہ بہت خوبصورت ہے تو اسے گھر میں رہنا چاہیے'۔

جب احسن خان نے کہا کہ وہ تو اچھی اداکارہ ہیں تو صدف کنول نے جواب میں کہا کہ 'میں بھی ایک اچھی اداکارہ ہوں، تو؟ یہ میری اپنی رائے ہے'۔

اس پر منشا پاشا نے اپنا ردعمل انسٹاگرام اسٹوری میں کیا اور انہوں نے لکھا کہ 'خوش قسمتی سے اللہ فیصلہ کرتا ہے کہ کس کو کہاں ہونا چاہیے، وہی آپ کو پہنچاتے ہیں جہاں آپ کو پہنچنا چاہیے، باقی سب کے لیے تھینک یو نیکسٹ'۔

اسکرین شاٹ

اداکارہ نے اپنے جواب میں کوئی نفرت انگیز یا ذاتی بات نہیں کی، بس پرمزاح انداز میں اپنا ردعمل ظاہر کیا۔