سینٹ کام کے کمانڈر کو تربیلا میں توانائی کی پیداوار پر بریفنگ
لاہور: امریکی سینٹرل کمانڈ (سینٹ کام) کے کمانڈر جنرل کینتھ ایف مکینزی جونیئر نے تربیلا ڈیم اور اس منصوبے سے جڑے دیگر منصوبوں کا دورہ کیا جس میں مرکزی ڈیم، اسپل ویز، ذخائر اور پاور ہاؤس شامل ہیں۔
ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق امریکی سفیر برائے پاکستان پول جونز اور دیگر کے ہمراہ جنرل مک کینزی کو واٹر اینڈ پاور ڈیولپمنٹ اتھارٹی (واپڈا) کے چیئرمین لیفٹیننٹ جنرل (ر) مزمل حسین نے منصوبے کے بارے میں بریفنگ دی۔
مزید پڑھیں: نئی گج ڈیم کی لاگت 3 گنا بڑھنے پر سینیٹ کمیٹی کا اظہار تشویش
امریکی وفد کا کہنا تھا کہ 4 کروڑ 10 لاکھ ڈالر کی حالیہ امریکی گرانٹ سے تربیلا پاور ہاؤس کی زندگی میں 15 سے 20 سال تک اضافہ ہوا اور 148 میگا واٹ کے پاور جنریشن کی صلاحیت میں بھی اضافہ ہوگا۔
امریکی وفد کا استقبال کرتے ہوئے واپڈا کے چیئرمین کا کہنا تھا کہ 1974 میں ڈیم کے مکمل ہونے کے بعد پاکستان کے معاشی استحکام اور سماجی ترقی میں زراعت کے لیے پانی فراہم کرکے، سیلاب کو روک کر اور کم لاگت والے ہائیڈل بجلی بناکر اہم کردار ادا کررہا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ 5 دہائی تک باقی رہنے کے باوجود تربیلا ذخائر اب بھی 60 لاکھ ایکڑ فٹ تک پانی ذخیرہ کرسکتے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: ملک کی اقتصادی ترقی کے روڈ میپ پر اعلیٰ سطح کا اجلاس
انہوں نے کہا کہ 'گزشتہ سال اس کی چوتھی توسیع کے مکمل ہونے کے بعد فی الوقت تربیلا ہائیڈل پاور اسٹیشن کی پیداواری صلاحیت 4 ہزار 888 میگا واٹ ہے'۔
انہوں نے وضاحت دی کہ 'چوتھی توسیع کی کامیابی کے بعد حکومت نے اس میں جلد از جلد پانچویں توسیع کے منصوبے کا فیصلہ کیا ہے جس سے ایک ہزار 410 میگا واٹ بجلی مزید پیدا کی جاسکے گی'۔