82 سالہ خاتون نے بہادری کی نئی مثال قائم کردی
بڑھاپے کی دہلیز پر قدم رکھتے ہی بیشتر افراد کی جسمانی فٹنس ساتھ چھوڑ دیتی ہے لیکن ایک ایسی 82 سالہ بوڑھی خاتون بھی ہیں جنہوں نے صرف اپنی لاٹھی کی مدد سے چور کو مار مار کر اسے بھاگنے پر مجبور کردیا۔
انڈیپینڈنٹ کی رپورٹ کے مطابق برطانیہ سے تعلق رکھنے والی 82 سالہ بوڑھی خاتون نے اپنی دکان میں گھسنے والے چور کو اپنی لاٹھی سے مار کر اسے دکان کا سامان اور پیسے چرانے سے روکنے کی کوشش کی۔
جون ٹرنر نامی یہ خاتون کا اس حوالے سے کہنا تھا کہ ’میرا خیال ہے وہ بھی یہ دیکھ کر کافی حیران ہوگیا ہوگا کیونکہ اسے امید نہیں تھی کہ میرے جیسی معمر عورت اس طرح مقابلہ کرسکتی ہے‘۔
خاتون کو بھی اس وقت کافی چوٹیں آئیں جب چور انہیں زمین پر گرا کر 50 پاؤنڈ یعنی 9 ہزار پاکستانی روپے سے زائد لے کر فرار ہوگیا۔
ان کا اس حوالے سے مزید کہنا تھا کہ ’وہ دکان پر آیا اور اس نے مجھ سے پیسے مانگے جس پر میں نے انکار کردیا، اس کے بعد یہ خود پیسے لینے کی کوشش کرنے لگا، اس موقع پر میرے ذہن میں بس یہی آیا کہ مجھے اپنے پیسے کی حفاظت کرنی ہے کیونکہ ہم بڑی محنت سے اسے کماتے ہیں‘۔
معمر خاتون کے مطابق اگر آئندہ بھی ایسا کچھ ہوا تو وہ یہی کریں گی لیکن اس وقت کسی زیادہ بھاری چیز سے چور کو مارنے کی کوشش کریں گی۔
خاتون کے 62 سالہ بیٹے علان کا ان کی والدہ کی بہادری پر کہنا تھا کہ ’وہ بہت بہادر ہیں لیکن میں امید کرتا ہوں کہ آئندہ ایسے کسی واقعے سے ان کا سامنا نہ ہو‘۔
یہ سارا ماجرہ دکان کی سی سی ٹی وی میں قید ہوگیا جبکہ ویڈیو سامنے آنے کے بعد بوڑھی خاتون کی بہادری کو خوب سراہا گیا۔
دوسری جانب پولیس نے 28 سالہ چور کو گرفتار کرلیا جس سے تحقیقات جاری ہیں۔