پاکستان

کراچی: ’فرقہ وارانہ قتل‘ میں ملوث کالعدم تنظیم کے 4کارندے گرفتار

ملزمان کا تعلق لشکر جھنگوی سے ہے، پولیس اہلکاروں، اہل تشیع اور بوہرہ کمیونٹی کے افراد کی ٹارگٹ کلنگ میں ملوث تھے، پولیس

پولیس نے دعویٰ کیا ہے کہ اہل تشیع اور بوہرہ کمیونٹی کے افراد کی ٹارگٹ کلنگ میں ملوث کالعدم تنظیم کے 4 کارندوں کو گرفتار کرلیا۔

ایس ایس پی وسطی عارف اسلم راؤ نے دعویٰ کیا کہ زیر حراست ملزمان کا تعلق لشکر جھنگوی سے ہے جو پولیس اہلکاروں، اہل تشیع اور بوہرہ کمیونٹی کے افراد کی ٹارگٹ کلنگ سمیت سما ٹی وی کی ڈی ایس این پر حملے میں ملوث تھے۔

مزید پڑھیں: کراچی: ٹارگٹ کلنگ میں پانچ افراد ہلاک

انہوں نے بتایا کہ ملزمان نے بھتے کی رقم نہ ملنے پر تاجروں کو بھی قتل کیا۔

ایس ایس پی وسطی کا کہنا تھا کہ’کالعدم تنظیم کے کارندے اجرتی قاتل بھی ہیں‘۔

عارف اسلم راؤ نے دعویٰ کیا کہ ملزمان شہر کا امن برباد کرنے کا منصوبہ بنارہے تھے تاہم اسے ناکام بنا دیا گیا۔

اس ضمن میں ایس ایس پی وسطی کے ہمراہ ایس ایس پی انویسٹی گیشن محمد طارق نواز نے تفصیلات بتائیں کہ ایف بی انڈسٹریل ایریا میں مسلح موٹرسائیکل سواروں نے اعجولی خان کو 17 جولائی 2019 کو قتل کردیا گیا تھا۔

یہ بھی پڑھیں: کراچی: 'ٹارگٹ کلنگ' میں بلدیہ عظمیٰ کا ملازم جاں بحق

انہوں نے بتایا کہ قتل کے تحقیقات کے دوران پولیس نے مقتول کی بیوی شگفتہ اور اس کے مبینہ آشنا زرولی کو گرفتارکرلیا تھا۔

محمد طارق نواز نے بتایا کہ ’دونوں ملزمان نے ’قتل کا منصوبہ بنانے کا جرم قبول‘ کیا اور ان کی نشاندہی پر پولیس نے کالعدم تنظیم کے دو مشتبہ افراد گورا خان اور شاہد ہمایوں کو گرفتار کیا۔

ان کا کہنا تھا کہ ’دوران تفتیش دونوں مشتبہ ملزمان نے اقرار کیا کہ انہوں نے اعجولی خان کو قتل کیا اور ساتھ ہی اپنے دیگر ساتھیوں کے بارے میں معلومات فراہم کیں‘۔

ایس ایس پی نے بتایا کہ فراہم کردہ معلومات کے نتیجے میں محمد ہاشم اور محمد فہیم کو حراست میں لیا گیا‘۔

انہوں نے بتایا کہ ’گورا خان، فہیم اور ہاشم کالعدم تنظیم کے ’فعال‘ رکن تھے جبکہ شاہد گورا خان کا ساتھی تھا‘۔

مزیدپڑھیں: کراچی: نامعلوم افراد کی فائرنگ، ٹریفک پولیس اہلکار جاں بحق

محمد طارق نواز نے بتایا کہ فہیم نے 2 پولیس اہلکاروں، اہل تشیع اور بوہرہ کمیونٹی کے 3 افراد، سما ٹی وی کے کیمرہ کو قتل کرنے کا ’اعتراف‘ کیا۔

پولیس نے دعویٰ کیا کہ ’ملزم نے دیگر سنگین جرائم کا بھی اقرار کیا‘۔