نکی مناج کے ٹوئٹ پر کئی لوگ حیران رہ گئے اور لاکھوں افراد نے ان کی جانب سے اچانک کیے جانے والے اعلان کو مذاق سمجھا۔
کئی لوگ ٹوئٹر پر یہ بحث کرنے لگے کہ متنازع جنسی رجحانات رکھنے والی گلوکارہ اب خاندان بسانے کے لیے موسیقی چھوڑ رہی ہیں۔
نکی مناج کی جانب سے موسیقی کو خیرباد کہنے کا اعلان ان کی جانب سے کچھ ہفتے قبل ہی ایک امریکی ریڈیو کو دیے گئے انٹرویو کے بعد سامنے آیا ہے۔
گلوکارہ نے کچھ ہفتے قبل اپنے ریڈیو انٹرویو میں اعتراف کیا تھا کہ ان کے بوائے فرینڈ نیتھ پیری نے ان سے شادی کرنے کا لائسنس حاصل کرلیا ہے اور وہ مستقبل میں ایک ہونے کا سوچ رہے ہیں۔
نکی مناج اور نیتھ پیری کے درمیان گزشتہ ڈیڑھ سال سے تعلقات قائم تھے، ان سے قبل ان کے تعلقات امریکی گلوکار و ریپر میک مل سے تھے لیکن ان سے قبل وہ ہم جنس پرستی کی جانب راغب تھیں۔
نکی مناج نے ابتدائی کیریئر میں اعتراف کیا تھا کہ وہ دونوں جنس یعنی مرد و خواتین میں جنسی طور پر دلچسپی لیتی ہیں۔
نکی مناج کو ہم جنس پرست افراد اور خاص طور پر خواتین ہم جنس پرست کی متحرک کارکن تسلیم کیا جاتا ہے۔
ہم جنس پرست افراد کو حقوق نہ دیے جانے کی وجہ سے ہی نکی مناج نے رواں برس جولائی میں سعودی عرب میں اپنے اعلان کردہ میوزک کنسرٹ کو ملتوی کردیا تھا۔
نکی مناج نے سعودی عرب کی حکومت پر الزام عائد کیا کہ وہ ہم جنس پرست افراد کو حقوق فراہم نہ کرتی، اس لیے وہ وہاں میوزک کنسرٹ نہیں کر سکتیں، اس سے قبل حکومت نے انہیں میوزک کنسرٹ کرنے کی اجازت دی تھی۔
نکی مناج نے 2007 میں گلوکاری کی شروعات کیں اور آغاز میں ہی نیم عریاں اور اور انتہائی بولڈ پرفارمنس کی وجہ سے وہ دنیا بھر کے نوجوانوں میں مقبول ہوگئیں۔