پاکستان

لاہور: مسلم لیگ (ق) کی سابق خاتون رکنِِ اسمبلی کی لاش گھر سے برآمد

پروین سکندر گل کے گلے پر رسی کا نشان موجود ہے ان کی موت کی وجہ بظاہر قتل ہے، پولیس
|

لاہور کے علاقے نصیرآباد سے پاکستان مسلم لیگ (ق) کی سابق خاتون رکن صوبائی اسمبلی (ایم پی اے) پروین سکندر گل اپنے گھر میں مردہ حالت میں پائی گئیں۔

پولیس کے مطابق پروین سکندر کے گلے پر رسی کا نشان موجود ہے اور ان کی موت کی وجہ بظاہر قتل معلوم ہوتی ہے۔

پولیس حکام کا کہنا تھا کہ سابق ایم پی اے غیر شادی شدہ تھیں اور اپنے گھر کی دوسری منزل پر اکیلی رہتی تھیں۔

پروین سکندر کے قتل کی ابتدائی رپورٹ (ایف آئی آر) اب تک درج نہیں ہوئی۔

مزید پڑھیں: لاہور: مسلم لیگ (ن) کی سابق رکنِ اسمبلی کی پُر اسرار ہلاکت

خیال رہے کہ 64 سالہ پروین سکندر گل نے 70 کی دہائی میں سیاسی سفر کا آغاز کیا تھا اور لاہور میں بلدیاتی حکومت کی رکن منتخب ہوئی تھیں۔

پروین سکندر نے بعد ازاں 2002 میں پاکستان مسلم لیگ (ق ) کے ٹکٹ پر پنجاب اسمبلی میں منتخب ہوئی تھیں۔

وہ پاکستان ہاکی فیڈریشن کے ویمن ونگ کی سابق سیکریٹری بھی رہیں اور انہوں نے پنجاب اولمپک ایسوسی ایشن کی نائب صدر کی خدمات بھی سرانجام دی تھیں۔

خیال رہے کہ گزشتہ برس مارچ میں پاکستان مسلم لیگ (ن) کی سابق رکنِ صوبائی اسمبلی یاسمین خان اپنے گھر میں مردہ حالت میں پائی گئیں تھیں۔

اس سے قبل کراچی میں سندھ کے وزیر برائے منصوبہ بندی و ترقی اور پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے رہنما میر ہزار خان بجارانی اہلیہ سمیت اپنی رہائش گاہ میں مردہ حالت میں پائے گئے تھے۔