ایپل نے 2017 میں آئی فون سیریز کے 10 سال مکمل ہونے پرآئی فون 8 کے بعد نام کو تبدیل کرکے ایکس (10) کو اپنایا تھا، جس کے بعد گزشتہ سال آئی فون ایکس آر، ایکس ایس اور ایکس ایس میکس پیش کیے گئے۔
اور اب 2019 میں آئی فون سیریز کے لیے کمپنی نے کیا سوچا ہے ؟ پہلے کہا جارہا تھا کہ یہ آئی فون 11، آئی فون 11 پرو اور آئی فون 11 پرو میکس ہوگا۔
مگر اب ایک نئی لیک کو مانا جائے تو اس بار یہ کمپنی آئی فون 11، آئی فون 11 پرو اور آئی فون 11 آر متعارف کرانے والی ہے۔
جیسا ناموں سے اندازہ لگایا جاسکتا ہے کہ آئی فون 11 آر، ایکس آر کی جگہ لے گا، جبکہ آئی فون 11 اور 11 پرو ایکس ایس اور ایکس ایس میکس کے جانشین ہوں گے۔
ویسے ایپل کی جانب سے رومن ہندسوں یعنی ایکس کو چھوڑ کر ایک بار پھر عام نمبروں کی جانب جانا حیران کن نہیں کیونکہ گوگل بھی اینڈرائیڈ سسٹم کے حوالے سے اب اینڈرائیڈ 10 کے نام سے نیا آپریٹنگ سسٹم متعارف کراچکا ہے اور کسی میٹھے پکوان کا انتخاب چھوڑ دیا ہے تاکہ لوگ زیادہ آسانی سے اسے قبول کرسکیں۔
یہ نئی لیک ایپل کی جانب سے 10 ستمبر کو نئے آئی فونز متعارف کرانے سے پہلے سامنے آئی ہے۔
اس سے پہلے سامنے آنے والی لیکس کے مطابق آئی فون 11 سیریز کے نئے فیچرز میں ریورس وائرلیس چارجنگ، ایپل پینل سپورٹ (ٹاپ اینڈ ماڈل کے لیے) اور پہلی بار 3 بیک کیمروں کا سیٹ اپ نمایاں ہوں گے۔
آئی فون 11 آر میں 6.1 انچ ایل سی ڈی اسکرین دی جائے گی اور سب سے بڑی تبدیلی بیک پر ایک کی بجائے 2 کیمروں کی موجودگی ہوگی، جن میں سے ایک ٹیلی فوٹو لینس ہوگا جبکہ چند نئے رنگ بھی پیش کیے جائیں گے۔
آئی فون 11گزشتہ سال کی طرح 5.8 انچ جبکہ آئی فون 11 پرو 6.5 انچ کے او ایل ای ڈی ڈسپلے سے لیس ہوگا اور ان میں پہلی بار یہ کمپنی بیک پر 3 کیمروں کا سیٹ اپ دے گی۔
ان فونز میں پہلے سے زیادہ طاقتور اے 13 پراسیسر دیا جائے گا جبکہ تیز فیس آئی ڈی، ریورس وائرلیس چارجنگ اور زیادہ بہتر واٹر ریزیزٹنس خصوصیات دی جائیں گی۔
گزشتہ سال آئی فون ایکس ایس اور ایکس ایس میکس کی قیمت بالترتیب 999 اور 1099 ڈالرز سے شروع ہوئی تھی، مگر اس سال امریکا اور چین کے درمیان جاری تجارتی جنگ کے نتیجے میں قیمت پہلے کے مقابلے میں زیادہ ہوسکتی ہے اور اس طرح یہ تاریخ کے مہنگے ترین آئی فونز بھی ثابت ہوسکتے ہیں۔