پاکستان

پاکستان کا مستقبل جمہوریت سے ہی وابستہ ہے، آرمی چیف

ہم نے پاکستان کو میرٹ کی بنیاد پر آگے لے کر جانا ہے، محنت کا کوئی نعم البدل نہیں، جنرل قمر جاوید باجوہ

آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کا کہنا ہے کہ پاکستان کا مستقبل جمہوریت سے ہی وابستہ ہے اور یہ تبدیلی کا آغاز ہے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری بیان کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے راولپنڈی میں سندھ سے آئے نوجوانوں کے وفد نے ملاقات کی۔

نوجوانوں سے خطاب کرتے ہوئے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ سندھ، پاکستان کی جان ہے کیونکہ قیام پاکستان میں سندھ کا بہت اہم کردار تھا۔

آرمی چیف نے کہا کہ ہمارے جوان بہت جفاکش، محنتی اور وفادار ہیں، اگر ہم اپنے آپ کو ایمانداری سے نہیں دیکھیں گے تو کوئی ہماری مدد نہیں کرے گا۔

جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ ہماری فوج میں میرٹ کا نظام ہے، ہم نے پاکستان کو وہاں لے کر جانا ہے جو اس کا حق ہے۔

انہوں نے کہا کہ یہ سب کو سوچنا پڑے گا کہ ہم نے اگر پاکستان کو آگے لے کر جانا ہے تو میرٹ کی بنیاد پر لے کر جانا ہے کیونکہ محنت کا کوئی نعم البدل نہیں۔

مزید پڑھیں: آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کی مدت ملازمت میں 3 سال کی توسیع

آرمی چیف نے کہا کہ پاکستان کا مستقبل نوجوانوں کے ہاتھوں میں ہے اور اس کی سمت کا تعین نوجوان بحیثیت رہنما کریں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ جس سمت میں نوجوان جائیں گے پاکستان اسی سمت میں جائے گا، کامیاب آدمی پانی کے رخ کے مخالف چلتا ہے اور اس کی راہ میں بہت رکاوٹیں ہوتی ہیں۔

جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ جب میں امریکا گیا تو کہا گیا آپ کی فوج نے بہت اچھا کام کیا، آپ ملک سے دہشت گردوں کے خاتمے میں کس طرح کامیاب ہوئے؟

انہوں نے پاکستانی ماؤں کو خراج تحسین پیش کیا کہ ہماری ماؤں کے بچے ملک پر جان نچھاور کرنے کے لیے تیار رہتے ہیں اور ہمارے جوان ایسے ہیں کہ میں ان سے پسینہ مانگتا ہوں تو وہ خون دیتے ہیں۔

آرمی چیف نے کہا کہ ہماری فوج کا اصول ہے کہ ہمارا افسر ہمیشہ سب سے آگے ہوتا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: پاکستانی آرمی چیف غیر سیاسی اور پروفیشنل ہیں، امریکی رپورٹ

انہوں نے کہا کہ دنیا میں سب سے پہلا رشتہ انسانیت کا ہوتا ہے اور کسی مذہب میں کسی کا حق مارنے کی اجازت نہیں، اخلاقی قوت فوجی قوت سے زیادہ ہوتی ہے۔

جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ ہم نے کراچی کو دہشت گردوں سے آزاد کروایا، پاکستان کا مستقبل جمہوریت سے ہی وابستہ ہے یہ تبدیلی کا آغاز ہے۔

پاک فوج کے سربراہ نے کہا کہ ہمارے نوجوان بہت مضبوط ہیں جو سمندر کا رخ تبدیل کرسکتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہمیں نوجوانوں کو اس سطح پر لانا ہے کہ جہاں ہماری آواز سنی جاسکے، ہمارا ایک مقام ہو، دنیا میں انقلاب صرف نوجوان لاتے ہیں۔