ہانگ کانگ: پُرتشدد مظاہروں کے بعد طلبہ نے اسکولوں کا بائیکاٹ کردیا
چین کے خصوصی انتظامی خطے ہانگ کانگ میں طلبہ نے احتجاج کرتے ہوئے اسکولوں کا بائیکاٹ کیا اور انسانی ہاتھوں کی زنجیر بنائی جبکہ مظاہروں کے باعث آدھے گھنٹے کے لیے ٹرینوں کا نظام بھی متاثر ہوا۔
فرانسیسی خبر رساں ادارے ’ اے ایف پی‘ کی رپورٹ کے مطابق ہانگ کانگ میں گرمیوں کی چھٹیوں کے بعد آج (بروز پیر) سے جامعات میں کلاسز کا آغاز ہونا تھا لیکن طلبہ کی جانب سے 2 ہفتے تک بائیکاٹ کا اعلان کیا گیا۔
خیال رہے کہ ہانگ کانگ میں جاری احتجاجی تحریک میں طلبہ کا کردار اہم ہے۔
علاوہ ازیں سیاہ لباس پہنے مظاہرین آج صبح مختلف اسٹیشنز پر ٹرینوں کے دروازوں پر کھڑے ہوئے اور انہیں بند ہونے سے روکا، اس دوران مظاہرین نے ہانگ کانگ میں ٹرینوں کے نظام کو مختصر عرصے کے لیے متاثر کیا۔
مزید پڑھیں: ہانگ کانگ: کئی روز کے احتجاج کےبعد ملزمان کی حوالگی کا متنازع قانون معطل
اس کے کچھ دیر بعد سیکنڈری اسکولوں کے طلبہ نے کلاسز کے آغاز سے قبل سرکاری اسکولوں کے باہر انسانی ہاتھوں کی زنجیر بنائی۔