پاکستان

’آصف زرداری کے لوگ ڈیل کیلئے تیار، نواز شریف کے لوگ بھی غور کریں‘

مرکز میں مسلم لیگ (ن) ٹو بننے جارہی ہے، یہ معلوم نہیں کہ سربراہی شہباز شریف کے پاس ہوگی یا چوہدری نثار کے پاس، شیخ رشید

وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے انکشاف کیا ہے کہ پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری کے لوگ ڈیل کے لیے تیار ہیں، مسلم لیگ (ن) کے قائد نواز شریف کے لوگ بھی اس پر غور کریں۔

لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ مرکز میں مسلم لیگ (ن) ٹو بننے جارہی ہے تاہم یہ نہیں معلوم کہ اس کی قیادت اپوزیشن لیڈر شہباز شریف کریں گے یا سابق وزیر داخلہ چوہدری نثار کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ میں نے پہلے بھی وزیراعظم عمران خان کو پیسہ لینے کی تجویز پیش کی تھی۔

شیخ رشید نے انکشاف کیا کہ سابق صدر اور نیب کے ہاتھوں گرفتار پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری کے لوگ حکومت کے ساتھ ڈیل کرنے اور کچھ دینے دلانے کے لیے تیار ہیں۔

مزید پڑھیں: شیخ رشید کو کرنٹ کا جھٹکا، خطاب ادھورا چھوڑ دیا

انہوں نے مسلم لیگ (ن) کو مشورہ دیا کہ لیگی رہنما بھی اس حوالے سے سوچ بچار کریں۔

’جلد ریلوے اسٹیشنز پر تزئین و آرائش کا افتتاح کروں گا‘

وزیر ریلوے نے بتایا کہ وہ آئندہ ماہ 6 ستمبر کو بہاولپور ریلوے اسٹیشن جبکہ 7 ستمبر کو راجن پور ریلوے اسٹیشن اور ڈی جی خان ریلوے اسٹیشن پر تزئین و آرائش کے کاموں کا افتتاح کریں گے۔

انہوں نے بتایا کہ محرم الحرام کے مہینے کے بعد 5 سے 8 ٹرینیں چلائی جائیں گی جبکہ وعدہ کیا کہ وزیراعظم عمران خان ایم ایل ون بنا کر رہیں گے۔

شیخ رشید کا کہنا تھا کہ سندھ میں بارشوں کی وجہ سے ریلوے کا نظام شدید متاثر ہوا ہے تاہم کوشش کی گئی کہ مال بردار ٹرینوں کے اوقار کار میں تبدیلی کی جائے اور مسافر ٹرینوں کو تاخیر سے بچایا جائے۔

یہ بھی پڑھیں: اکتوبر،نومبر میں پاک۔بھارت جنگ ہوتی دیکھ رہا ہوں، شیخ رشید

مقبوضہ کشمیر سے یکجہتی کے لیے ریلوے کے کردار پر بتایا کہ ٹرینوں پر کشمیر کی جدوجہد کے سلوگن لگائے جائیں گے۔

شیخ رشید نے یہ بھی بتایا کہ وزیراعظم کرتار پور ریلوے اسٹیشن کا بھی جلد افتتاح کریں گے۔

’ہمارے پاس چورن کی چھوٹی، بڑی گولی موجود ہے، بس آپ آئیں‘

وزیر ریلوے شیخ رشید احمد کا کہنا تھا کہ کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کرکے بھارتی وزیراعظم مودی نے بہت بڑی حماقت کی ہے۔

شیخ رشید احمد نے کہا کہ اب مقبوضہ کشمیر کی صورتحال دوبارہ 1947 کی طرح ہوچکی ہے، اب پاکستانی قوم اور فوج کچھ بھی کرے اسے حق حاصل ہے۔

مزید پڑھیں: ’عرب حکمرانوں کا رویہ پاکستان میں قابل قبول نہیں‘

انہوں نے بھارت کو خبردار کیا کہ اگر آپ نے آزاد کشمیر یا لاہور کی جانب بڑھنے کی کوشش کی تو انہیں ختم کردیا جائے گا۔

شیخ رشید احمد کا کہنا تھا کہ ہمارے پاس اسمارٹ بم موجود ہیں جو صرف ان فوجیوں کو اڑانے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔

اپنی بات کو جاری رکھتے ہوئے شیخ رشید احمد کا کہنا تھا کہ ’ہمارے پاس ہر طرح کا مصالحہ ہے، چورن کی چھوٹی گولی بھی موجود ہے اور بڑی بھی، بس آپ آئیں ہم تیار ہیں۔‘

انہوں نے کہا کہ ’اگر آپ (حملہ کرنے) نہ آئیں تو ایک اور راستہ ہے جو بات چیت کا ہے جس کے ذریعے کشمیر کا مسئلہ حل کریں تو یہ دونوں قوموں کے لیے بہتر ہے۔‘

یہ بھی پڑھیں: 'مودی کے احمقانہ اقدامات بھارت کو لے ڈوبیں گے'

شیخ رشید احمد کا کہنا تھا کہ بھارتی میڈیا میں انہیں ایک جنگجو کی طرح پیش کیا جاتا ہے اور اسی وجہ سے میرے کرنٹ لگنے والی افواہ کو کروڑوں لوگوں میں شیئر کیا گیا۔

اپنی بات کو جاری رکھتے ہوئے وزیر ریلوے نے کہا کہ جس دن میں مروں گا تو اس دن مودی کیمرا مین سے کفن ہٹا کر بھی پوچھے گا کہ یہ زندہ ہے یا مر گیا۔

شیخ رشید نے کہا کہ کشمیر کے معاملے پر وزیراعظم عمران خان نے بہت محنت کی ہے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ ’میں نے سابق وزیراعظم نواز شریف کے ساتھ بھی کام کیا ہے، لیکن جو بات ایک حکمران کو کہنی چاہیے وہ عمران خان کہہ رہے ہیں۔‘

وزیر ریلوے شیخ رشید نے کہا کہ بھارت میں 22 پاکستان بنیں گے۔