حیرت انگیز

مقامی زبان کا درست ترجمہ نہ کرنے پر فضائی کمپنی پر جرمانہ عائد

قومی ایئرلائن نے انگریزی لفظ ’لفٹ‘ کا ترجمہ ہی نہیں کیا جبکہ ’وارننگ‘ کا مختصر ترجمہ کیا، شکایت کنندہ

پاکستان سمیت دنیا کے متعدد ممالک کی فضائی کمپنیاں عام طور پر انگریزی زبان کو ہی استعمال کرتی ہیں اور طیارے کے اندر اور ایئرپورٹس پر انگریزی زبان میں ہی ہدایات پڑھنے کو ملتی ہیں۔

تاہم دنیا کے متعدد ممالک میں فضائی کمپنیاں اس بات کی پابند ہیں کہ وہ انگریزی سمیت ملک کی قومی زبانوں میں بھی ہدایات تحریر کریں گی۔

ایسی ہی پابندی شمالی امریکی ملک کینیڈا کی قومی فضائی کمپنی ’ایئر کینیڈا‘ پر بھی عائد ہوتی ہے۔

کینیڈا میں انگریزی اور فرانسیسی زبان کو ایک جیسا ہی درجہ حاصل ہے اور وہاں کاروبار کرنے والی کمپنیوں کو دونوں زبانوں میں ہدایت نامے جاری کرنے پڑتے ہیں۔

تاہم ایئر کینیڈا کی جانب سے مبینہ طور پر فرانسیسی زبان کا ترجمہ غلط کرنے اور اس میں انگریزی کے لفظ شامل کرنے پر عدالت نے جرمانہ عائد کردیا۔

امریکی نشریاتی ادارے ’سی این این‘ کی رپورٹ کے مطابق ایئر کینیڈا پر فرانسیسی زبان کا غلط اور مختصر ترجمہ کرنے سمیت فرانسیسی زبان میں انگریزی کے الفاظ شامل کرنے پر 22 شکایات موصول ہونے کے بعد عدالت نے فضائی کمپنی کے خلاف مقدمہ شروع کیا۔

غلط ترجمہ کرنے پر کمپنی شکایت کنندگان کو معاوضہ ادا کرے، عدالت—فوٹو: ایئر کینیڈا

رپورٹ کے مطابق ابتدائی طور پر ایئر کینیڈا پر ایک شادی شدہ جوڑے نے فرانسیسی زبان کا غلط اور مختصر ترجمہ کرنے کا الزام عائد کرتے ہوئے عدالت کو درخواست بھیجی تھی۔

بعد ازاں دیگر درخواستیں موصول ہونے کے بعد عدالت نے فضائی کمپنی کے خلاف مقدمے کا آغاز کیا اور فضائی کمپنی پر جرم ثابت ہونے پر اس پر جرمانہ عائد کردیا۔

فضائی کمپنی پر الزام ہے کہ اس نے طیارے کے اندر سیٹ بیلٹ سمیت دیگر جگہوں پر لکھے گئے ہدایاتی جملوں کو درست فرانسیسی زبان میں نہیں لکھا۔

کمپنی پر الزام ہے کہ اس نے سیٹ بیلٹ پر انگریزی کا لفظ ’لفٹ‘ لکھا ہوا ہے مگر اس کا فرانسیسی ترجمہ نہیں لکھا گیا۔

اسی طرح کمپنی پر الزام ہے کہ اس نے انگریزی کے الفاظ ’ایگزٹ‘ اور ’وارننگ‘ کے فرانسیسی ترجمے والے الفاظ انگریزی کے مقابلے مختصر اور چھوٹے لکھے ہیں۔

علاوہ ازیں کمپنی پر الزام ہے کہ اس کی بورڈنگ ڈیسک پر بھی انگریزی میں مکمل معلومات فراہم کی جاتی ہے، تاہم فرانسیسی میں مناسب اور درست معلومات فراہم نہیں کی جاتی۔

فضائی کمپنی کےخلاف درخواست دینے والے افراد کی شکایتوں کا جائزہ لینے کے بعد عدالت نے ایئر کینیڈا کو حکم دیا کہ وہ ہر شکایت کنندہ کو 15 ہزار امریکی ڈالر یعنی پاکستان سوا 22 لاکھ روپے فراہم کرے۔

شکایت کنندگان نے زبان ایکٹ کے تحت ایئر کینیڈا کے خلاف مقدمہ دائر کیا تھا۔

زبان ایکٹ کے تحت کینیڈا میں انگریزی اور فرانسیسی زبانوں کو یکساں درجہ حاصل ہے اور وہاں کاروبار کرنے والی ہر کمپنی کو دونوں زبانوں میں معلومات اور ہدایات فراہم کرنی ہوتی ہیں۔