پاکستان

'کشمیر میں کچھ ہوا تو بھارت کو اینٹ کا جواب پتھر سے دیں گے'

افسوس سے کہنا پڑتا ہے کہ جب مسلمانوں پر ظلم ہوتا ہے تو عالمی برادری خاموش رہتی ہے، عمران خان

وزیر اعظم عمران خان نے ایک بار پھر آخری دم تک کشمیریوں کے ساتھ کھڑے رہنے کا عزم ظاہر کرتے ہوئے کہا ہے کہ مودی سرکار مقبوضہ کشمیر سے توجہ ہٹانے کے لیے آزاد کشمیر میں کچھ نہ کچھ کرے گی لیکن ہماری مسلح افواج تیار ہے اور بھارت کی اینٹ کا جواب پتھر سے دیں گے۔

اسلام آباد میں کشمیر آور' کے حوالے سے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ 'ہمارے مقبوضہ کشمیر کے بھائی بہن اس وقت بہت مشکل وقت سے گزر رہے ہیں، ہم کشمیریوں کے دکھ درد میں شامل ہیں، آج یہاں سے پیغام جائے گا کہ جب تک انہیں آزادی نہیں ملتی پاکستان ان کے ساتھ کھڑا رہے گا، آخری دم تک کشمیریوں کے ساتھ کھڑے رہیں گے۔'

انہوں نے کہا کہ 'ہمیں سمجھنا ہوگا کہ بھارت میں کس طرح کی حکومت ہے جو کشمیر میں ظلم کر رہی ہے، آر ایس ایس کا نظریہ سمجھنا ضروری ہے جس نے بھارت پر قبضہ کر لیا ہے، آر ایس ایس جماعت مسلمانوں کی نفرت میں بنائی گئی اور اس کی پیدائش میں مسلمانوں کی نفرت شامل ہے، جبکہ آر ایس ایس کا نظریہ بھارت میں رہنے والے عیسائیوں کے بھی خلاف ہے۔'

وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ آر ایس ایس اور بی جے پی صرف ہندوتوا کو مانتے ہیں، آر ایس ایس کے ممبر نے ہی گاندھی کو قتل کیا تھا جبکہ موجودہ بھارت نے نہرو اور گاندھی کی سیکولرزم کو نظر انداز کردیا۔

ان کا کہنا تھا کہ 'دنیا دیکھ رہی ہے کہ مقبوضہ کشمیر میں کیا ہورہا ہے، اگر کشمیری مسلمان نہ ہوتے تو پوری دنیا کھڑی ہوجاتی، افسوس سے کہنا پڑتا ہے کہ جب مسلمانوں پر ظلم ہوتا ہے تو عالمی برادری خاموش رہتی ہے۔'

انہوں نے کہا کہ 'وعدہ ہے کشمیر کی آزادی تک ہر فورم پر کشمیر کی جنگ لڑوں گا، اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں کشمیر کا مسئلہ اٹھاؤں گا، مودی سرکار کی فاشسٹ پالیسی کے خلاف کھڑے نہ ہوئے تو دنیا بھر میں اس کا اثر جائے گا اور آج اگر دنیا مودی حکومت کے سامنے کھڑی نہیں ہوئی تو بہت بُرے اثرات ہوں گے۔'

یہ بھی پڑھیں: کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کیلئے ملک بھر میں 'کشمیر آور' منایا گیا

عمران خان نے کہا کہ 'مودی سرکار مقبوضہ کشمیر سے توجہ ہٹانے کے لیے آزاد کشمیر میں کچھ نہ کچھ کرے گی لیکن ہماری مسلح افواج تیار ہے اور بھارت کی اینٹ کا جواب پتھر سے دیں گے، جبکہ ایٹمی طاقتوں کی جنگ سے صرف خطے کو نہیں پوری دنیا کو نقصان ہوتا ہے۔'

ان کا کہنا تھا کہ 'ایک مہم اور شروع کر رہے ہیں جو کشمیر میں کرفیو اٹھانے سے متعلق ہوگی، دنیا بھر میں انسانی حقوق کی تنظیموں کو جگائیں گے، اس مہم کے لیے دنیا بھر میں اہم شخصیات کو بھی آگاہ کریں گے۔'

اپنی زندگی میں کشمیر کو آزاد دیکھنا چاہتا ہوں، صدر مملکت

صدر مملکت عارف علوی نے ایوان صدر میں کشمیر سے یکجہتی کے حوالے سے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بھارت کشمیریوں سمیت پورے ملک میں مسلمانوں پر ظلم ڈھارہا ہے چاہتا ہوں جلد کشمیر آزاد ہو۔

ان کا کہنا تھا کہ 'میں خدا سے دعا کرتا ہوں کہ اپنی زندگی ہی میں کشمیر کی آزادی دیکھوں اور اس کام کے لیے مضبوط پاکستان ضروری ہے'۔

صدر عارف علوی کا کہنا تھا کہ 'کشمیریوں کے حقوق کسی صورت دبائے نہیں جاسکتے، ہم متحد رہیں گے تو کشمیر ضرور آزاد ہوگا'۔

انہوں نے کہا کہ بھارتی پروپیگنڈے کا ہر سطح پر جواب دینا ہوگا اور عوام سے گزارش کی کہ وہ اپنے موبائل کا استعمال کرکے دنیا کو مقبوضہ کشمیر میں جاری بھارتی مظالم سے آگاہ کریں۔

ڈاکٹر عارف علوی کا کہنا تھا کہ 'پاکستانی عوام کشمیریوں کے ساتھ کھڑی تھی، ہے اور ہمیشہ کھڑی رہے گی'۔

انہوں نے دنیا کے تمام مسلمان ممالک سے اپیل کی کہ 'جیسے تاریخ میں پاکستان نے ہمیشہ عالم اسلام کا ہر مشکل وقت میں ساتھ دیا ہے، آج ہمارے ساتھ بھی آپ کھڑے ہوں'۔

صدر مملکت نے عوام سے اپیل کی کہ وہ اپنے ایمان کی مضبوطی کے ساتھ اپنی جدوجہد کو جاری رکھیں، 'ہم نے کشمیر کو آزاد کرنا ہے۔'

کشمیر آور

واضح رہے کہ مقبوضہ جموں اور کشمیر کے عوام سے اظہار یکجہتی کے لیے وزیراعظم عمران خان کی اپیل پر پاکستانی قوم نے 'کشمیر آور' منایا۔

کشمیر آور دن 12 سے ساڑھے 12 بجے تک منایا گیا، اس دوران ملک بھر میں سائرن بجائے گئے جس پر تمام ٹریفک اور حکومتی مشینری نے کام روک دیا تھا۔

وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں کشمیر آور کے حوالے سے ریلی کا انعقاد کیا گیا جس کے شرکا وزیر اعظم کے دفتر کے باہر جمع ہوئے۔

کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کے لیے کراچی میں مرکزی تقریب مزار قائد پر منعقد کی گئی جس میں گورنر سندھ عمران اسمٰعیل، وفاقی وزیر فیصل واڈا، پی ٹی آئی رہنما عامر لیاقت حسین اور سابق کرکٹر شاہد آفریدی سمیت شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی اور بابائے قوم کا مزار 'کشمیر بنے گا پاکستان' کے نعروں سے گونج اٹھا۔

لاہور کے شہری بھی کشمیروں سے اظہار یکجہتی کے لیے سڑکوں پر نکلے، دن کے 12 بجتے ہی ٹریفک کا پہیہ رک گیا اور فضا کشمیر کی آزادی کے فلک شگاف نعروں سے گونج اٹھی۔

یوم یکجہتی کشمیر کی مناسبت سے 'کشمیر بنے گا پاکستان' ریلی وزیر اعلیٰ بلوچستان جام کمال کی قیادت میں بلوچستان اسمبلی سے نکالی گئی۔