امارات کا مودی کے لیے اعلیٰ ترین اعزاز! کس نے کس کو دھوکا دیا؟
شاہی خاندان سوچ رہا ہے کہ محمد بن سلمان کا امریکا سے اتحاد ٹوٹنا ہے تو ان کے بادشاہ بننے سے پہلے ٹوٹ جائے، یہی بہتر ہے۔
جب مقبوضہ جموں و کشمیر کے 70 لاکھ مسلمان مسلسل تیسرے ہفتے تالا بندی اور کرفیو کی زد میں تھے، کھانے پینے کی اشیا اور دوا کی کمی کی وجہ سے انسانی المیہ جنم لے چکا تھا، عین اسی وقت عرب دنیا کے اہم ترین ملک متحدہ عرب امارات نے کشمیریوں پر ظلم ڈھانے والے نریندر مودی کو بلا کر اعلیٰ ترین سول اعزاز سے نواز دیا۔
متحدہ عرب امارات کے ولی عہد محمد بن زاید جو ’ایم بی زیڈ‘ کے نام سے بھی جانے جاتے ہیں، نے مودی کے گلے میں ایوارڈ ڈالنے کے بعد متحدہ عرب امارات کے بانی شیخ زاید بن سلطان النہیان کی تصویر کے سامنے کھڑے ہوکر فوٹو گرافرز کو پوز دیا اور مودی سے کہا کہ آپ اس ایوارڈ کے حق دار ہیں۔