کھیل

قومی ٹیم کے باؤلنگ کوچ کی دوڑ میں وقار یونس بھی شامل

ورلڈ کپ کے بعد پاکستان کرکٹ بورڈ نے کوچنگ اسٹاف کے معاہدوں میں بھی توسیع نہ کرنے کا اعلان کیا تھا۔

قومی ٹیم کے سابق کوچ وقار یونس ایک مرتبہ پھر ٹیم کی کوچنگ کی دوڑ میں شامل ہو گئے ہیں اور انہوں نے باؤلنگ کوچ کے عہدے کے لیے درخواست دے دی ہے۔

ورلڈ کپ کے بعد چیف سلیکٹر انضمام الحق کی جانب سے عہدہ چھوڑنے کے بعد پاکستان کرکٹ بورڈ نے کوچنگ اسٹاف کے معاہدوں میں بھی توسیع نہ کرنے کا اعلان کیا تھا۔

اس طرح ہیڈ کوچ مکی آرتھر اور بیٹگ کوچ گرانٹ فلاور کے ساتھ ساتھ باؤلنگ کوچ اظہر محمود بھی اپنے عہدوں سے محروم ہو گئے تھے۔

مذکورہ عہدے خالی ہونے کے بعد مختلف سابق اور انٹرنیشنل کرکٹرز کی جانب سے قومی ٹیم کی کوچنگ کے لیے درخواست دینے کا سلسلہ جاری ہے۔

نیوزی لینڈ کے سابق کوچ مائیک ہیسن کی جانب سے کوچنگ سے انکار کے بعد مصباح الحق کو ہیڈ کوچ کے عہدے کے لیے مضبوط ترین امیدوار قرار دیا جا رہا ہے جبکہ چیف سلیکٹر کے عہدے کے لیے جہاں مصباح کو یہ عہدہ بھی دینے کی تیاریاں کی جا رہی ہیں وہیں سابق کپتان راشد لطیف کو بھی اس عہدے کے لیے مضبوط امیدوار قرار دیا جا رہا ہے۔

اس صورتحال میں قومی ٹیم کے سابق ہیڈ کوچ وقار یونس بھی کوچنگ کی دوڑ میں شامل ہو گئے ہیں اور ذرائع کے مطابق انہوں نے قومی ٹیم کے باؤلنگ کوچ کے عہدے کے لیے درخواست دے دی ہے۔

پاکستان کرکٹ بورڈ نے کوچنگ کے لیے عہدوں میں دلچسپی رکھنے والوں کے لیے 26اگست کی ڈیڈ لائن مقرر کی تھی اور وقار نے اس سے قبل ہی باؤلنگ کوچ کے عہدے کے لیے درخواست دے دی ہے۔

ذرائع کے مطابق وقار یونس کے ساتھ ساتھ ون ڈے کرکٹ میں پہلی ہیٹ ٹرک کرنے والے سابق باؤلر جلال الدین نے بھی باؤلنگ کوچ بننے میں دلچسپی ظاہر کی ہے اور اس عہدے کے لیے درخواست دے دی ہے۔