لائف اسٹائل

'خواتین کو شوہروں کے آگے اپنا منہ بند رکھنا چاہیے'

انٹرنیٹ پر وائرل ایک ویڈیو میں رشتہ کرانے والی خاتون مسز خان نے طلاق کی وجہ خواتین کے روٹی بنانے سے انکار کو ٹھہرا دیا۔

کراچی میں میرج بیورو چلانے والی مشہور خاتون مسز خان نے دعویٰ کیا ہے کہ معاشرے میں طلاق کی تعداد خواتین کی جانب سے روٹیاں نہ پکانے سمیت دیگر گھریلو کام نہ کرنے کی وجہ سے بڑھ رہی ہے۔

سوشل میڈیا پر وائرل ایک ویڈیو میں مسز خان کے نام سے مشہور رشتہ کرانے والی خاتون نے خواتین کی شادی شدہ زندگی اور طلاقوں پر حیران کن رائے دی۔

یہ ویڈیو صبح سویرے پاکستان نامی مارننگ شو کی ہے، جہاں موجود چار خواتین میزبان ثروت ولیم، نفسیاتی معالج نوشابہ منان، وکیل فاطمہ خان اور مسز خان کے درمیان طلاق اور اس کے اثرات پر بحث جاری تھی۔

اس موقع پر نوشابہ منان نے کہا کہ بچوں پر طلاق سے زیادہ برا اثر ایسے ماحول کا پڑتا ہے جس میں والدین ایک دوسرے سے بدسلوکی سے پیش آرہے ہوں۔

ان کے علاوہ پروگرام میں موجود رشتہ کرانے والی خاتون مسز خان نے طلاق کے حوالے سے اپنا بیان دیتے ہوئے کہا کہ آج کل طلاقیں خواتین کی زبان چلانے کی وجہ سے ہورہی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ 'عورت کو شروع سے سکھایا جاتا تھا کہ وہ اپنی زبان کو قابو میں رکھے، اگر وہ ایسا کرتی تو طلاق کا رجحان نہیں بڑھتا، لیکن یہ چیزیں اس لیے بڑھتی ہیں جب عورت اپنی زبان کے ذریعے شوہر اور سانس پر حاوی ہونے کی کوشش کرتی ہے'۔

انہوں نے اپنا تجربہ شیئر کرتے ہوئے بتایا کہ 'ہمیں بتایا جاتا تھا کہ شوہر جب گھر آئے تو اس کے جوتے طریقے سے رکھے جائیں، گرم روٹی کے لیے توا چڑھا ہوا ہو، سالن تیار ہو، تاکہ آپ شوہر کو گرم روٹی بنا کر دیں، لیکن یہ کیا بات ہے کہ میں روٹی نہیں بناؤں گی، تو پھر آپ نے شادی کس لیے کی ہے؟ اگر آپ یہ سب کرنے کے قابل نہیں تو بہتر ہے آپ شادی نہ کریں، پہلے آپ یہ سارے کام کرنے کے آداب سیکھیں'۔

انہوں نے نوجوان لڑکیوں کو مزید تنقید کا نشانہ بنانے ہوئے کہا کہ 'شادی کا مطلب ذمہ داری ہے، لیکن جب تک آپ کے ذہن میں یہ خناس بھرا ہوا ہے آپ شادی نہ کریں'۔

ایک موقع پر شو کی میزبان نے جب مسز خان کو روکتے ہوئے سوال کیا کہ لڑکیاں شادی کے نام پر کسی کے گھر کام والی بن کر نہیں جارہی تو اس پر ان کا کہنا تھا کہ 'کیا آپ کے گھر میں آپ کی ماں ملازمہ تھیں؟ جس طرح آپ کی ماں نے کھانا بنا کر آپ کو کھلایا، آپ کی تربیت کی، ویسے ہی آپ کے گھر میں بھی یہی اصول چلیں گے'۔

مسز خان کا کہنا تھا کہ 'لڑکیوں کو اپنے شوہر کے سامنے منہ بند کرکے رہنا چاہیے، آج کل عورتیں بہت منہ چلا رہی ہیں، چاہے وہ غریب گھر کی ہوں یا امیر گھر کی'۔

شو کی میزبان نے مسز خان کو روکتے ہوئے ایک مرتبہ پھر سوال اٹھایا کہ ہر معاملے میں خواتین کی غلطی نہیں ہوتی تو اس پر انہوں نے کہا کہ 'آج کل عورتوں کی ہی غلطی ہوتی ہے، وہ ٹی وی دیکھ دیکھ کر اونچا اونچا منہ کھولتی ہیں'۔

سوشل میڈیا پر صارفین کی اس حوالے سے مختلف رائے سامنے آئی، کسی نے مسز خان کو ان کے اس بیان پر شدید تنقید کا نشانہ بنایا جبکہ کسی نے ان کے مؤقف کی تائید کی۔