وزیراعظم عمران خان کا انسداد پولیو مہم کی سربراہی خود کرنے کا فیصلہ
اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے ملک میں پولیو کیسز میں غیر معمولی اضافے پر سخت تشویش کا اظہار کرتے ہوئے وفاقی اور صوبائی حکومتوں کو اس حوالے سے بھرپور آگاہی پھیلانے اور ویکسینیشن کی موثر مہم چلانے کی ہدایت کی تاکہ اس بیماری پر قابو پایا جاسکے۔
اس کے ساتھ وزیراعظم نے نومبر سے انسداد پولیو پروگرام کی سربراہی خود کرنے کا بھی اعلان کیا۔
ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق وزیر اعظم عمران خان کی سربراہی میں منعقدہ اجلاس میں وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان، وزیر اعلیٰ بلوچستان جام کمال خان، معاون خصوصی برائے صحت ظفر مرزا، انسداد پولیو پروگرام کے فوکل پرسن بابر بن عطا، پاک فوج کے انجینئرنگ ان چیف لیفٹیننٹ جنرل معظم اعجاز اور ہائی کمشنر آف کینیڈا وینڈی گلمور کے ساتھ ساتھ وفاقی سیکریٹری صحت، چاروں صوبوں کے چیف سیکریٹریز، یونیسیف، عالمی ادارہ صحت اور بل اینڈ میلنڈا گیٹ فاؤنڈیشن کے نمائندوں اور دیگر اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔
یہ بھی پڑھیں: پولیو کیسز میں اضافہ، وزیراعظم نے صورتحال کا جائزہ لینے کیلئے اجلاس طلب کرلیا
اس ضمن میں وزیراعظم کے دفتر سے جاری ہونے والے بیان کے مطابق بابر بن عطا نے اجلاس کے شرکا کو انسداد پولیو مہم کے حوالے سے حالیہ واقعات، اٹھائے گئے اقدامات اور مستقبل کی حکمت عملی کے بارے میں بریفنگ دی۔