پاکستان

آرمی چیف سے مدارس کے پوزیشن یافتہ طلبہ کی ملاقات

مدارس کو قومی دھارے میں لانے کے مثبت نتائج اور دینی طلبہ کے مستقبل کیلئے دروازے کھلیں گے، جنرل قمر باجوہ

چیف آف آرمی اسٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ سے پاکستان بھر میں انٹر کے امتحانات میں پوزیشن حاصل کرنے والے اتحاد تنظیمات مدارس کے طلبا و طالبات نے ملاقات کی جبکہ پاک فوج کے سربراہ نے انہیں انعامات سے نوازا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) سے جاری بیان کے مطابق آرمی چیف سے جنرل ہیڈ کوارٹرز (جی ایچ کیو) میں اتحاد تنظیمات مدارس پاکستان کی اُن 4 طالبات سمیت 13 طلبہ نے ملاقات کی، جنہوں نے مختلف بورڈ میں اعزازی پوزیشن حاصل کی ہے۔

رپورٹ کے مطابق ‘چیف آف آرمی اسٹاف نے مختلف شعبوں میں اعلیٰ پوزیشن حاصل کرنے پر طلبا و طالبات کو مبارک باد دی’۔

یہ بھی پڑھیں:آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کی مدت ملازمت میں 3 سال کی توسیع

آرمی چیف نے ‘طلبہ کو سخت محنت جاری رکھنے، پاکستان کی ترقی و استحکام میں حصہ ڈالنے اور ذمہ دار شہری کی حیثیت سے معاشرے کا حصہ بننے پر زور دیا’۔

آئی ایس پی آر کے مطابق جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ ‘مدارس کو قومی تعلیمی نظام کے دھارے میں شامل کرنے کی کوششیں مدارس کے طلبہ کے لیے دور حاضر میں مستقبل بنانے کی دوڑ میں مختلف دروازے کھولیں گی’۔

انہوں نے ‘طلبا و طالبات کو پوزیشن حاصل کرنے کے لیے ماحول فراہم کرنے پر والدین اور اساتذہ کی کوششوں اور ان کے عزم کو بھی سراہا’۔

آئی ایس پی آر سے جاری بیان کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے اعلیٰ پوزیشن حاصل کرنے والے طلبا و طالبات کو انعامات، والدین اور اساتذہ کو ان کی محنت کے اعتراف میں اعزازات سے نوازا۔

اس موقع پر طلبہ نے ان کی کامیابی کو سراہنے اور اس طرح کا موقع فراہم کرنے پر چیف آف آرمی اسٹاف کا شکریہ ادا کیا۔

جی ایچ کیو میں منعقدہ تقریب میں ڈائریکٹر جنرل (ڈی جی) آئی ایس پی آر میجر جنرل آصف غفور اور دیگر فوجی افسران کے علاوہ اتحاد تنظیمات مدارس کے سیکریٹری جنرل مولانا حنیف جالندھری سمیت دیگر عہدیدار بھی موجود تھے۔