دنیا

بھارت میں ہیلی کاپٹر گر کر تباہ، 3 افراد ہلاک

ریاستی سول ایوی ایشن محکمے کےہیلی کاپٹر نے امدادی سامان لے کر دہرادون سے اترکاشی کے گاؤں آراکوٹ کیلئے اڑان بھری تھی،حکام

بھارت میں ریاست اترکھنڈ کے بارش سے متاثرہ علاقوں کے عوام کے لیے امدادی سامان لے کر جانے والا ہیلی کاپٹر گر کر تباہ ہو گیا جس کے نتیجے میں 3 افراد ہلاک ہو گئے۔

ہندوستان ٹائمز کی رپورٹ کے مطابق ہیلی کاپٹر گرنے کا واقعہ اترکھنڈ کے ضلع اترکاشی میں پیش آیا جس میں 3 افراد سوار تھے۔

نیشنل ڈیزاسٹر ریسپانس فورس (ایس ڈی آر ایف) کی میڈیا انچارج پروین الوک نے کہا کہ ہیلی کاپٹر ہیریٹیج ایوی ایشن کی ملکیت تھا جسے پائلٹ راج پال اڑا رہے تھے، ان کے ساتھ معاون پائلٹ کپتان لال موجود تھے جبکہ ریسکیو آپریشنز میں شامل مقامی شخص رَمیش ساور بھی ہیلی کاپٹر پر سوار تھا۔

ریاستی ڈیزاسٹر منیجمنٹ ڈپارٹمنٹ کے سیکریٹری انچارج ایس اے موروگیسان نے ہیلی کاپٹر گر کر تباہ ہونے کی تصدیق کی، ان کا کہنا تھا کہ حادثے میں ہونے والے جانی نقصان کی ابھی تصدیق نہیں کی جاسکتی۔

یہ بھی پڑھیں: بھارتی نیوی کا ہیلی کاپٹر سمندر میں گر کر تباہ

تاہم ریاستی عہدیدار نے حادثے میں پائلٹ اور عملے کے 2 ارکان کے ہلاک ہونے کی تصدیق کی۔

انہوں نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا کہ ریاستی سول ایوی ایشن محکمے کے ہیلی کاپٹر نے امدادی سامان لے کر دہرادون سے اترکاشی کے گاؤں آراکوٹ کے لیے اڑان بھری تھی۔

وہاں امداد سامان فراہم کرنے کے بعد ہیلی کاپٹر دوسرے متاثرہ گاؤں مولدی جارہا تھا تاہم راستے میں وہ بجلی کی تاروں میں پھنسنے کے بعد گر کر تباہ ہو گیا۔

واضح رہے کہ حالیہ بارشوں میں اترکاشی میں 15 افراد ہلاک ہوئے تھے اور بڑے پیمانے پر مالی نقصان ہوا تھا۔

ریاست اترکھنڈ میں بارشوں کے دوران مختلف حادثات میں مجموعی طور پر 35 افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔

بھارت کی دیگر کئی ریاستوں اتر پردیش، پنجاب، ہریانہ اور ہماچل پردیش کو بھی بارشوں کے باعث طوفان اور لینڈ سلائیڈنگ کا سامنا ہے۔

ہماچل پردیش میں شدید بارشوں کے باعث مٹی کے تودے گرنے سے 43 افراد ہلاک ہوئے تھے۔

ریاست کے بلند مقامات پر کئی سیاح اور فلم کا عملہ پھنس گیا تھا جنہیں ریسکیو کیا گیا۔

نئی دہلی میں جمنا میں پانی کی سطح خطرناک حد تک بلند ہو چکی ہے جس کے باعث اس کے اطراف سے آبادی انخلا پر مجبور ہے۔