پاکستان کرکٹ کی کوچ کہانی
اس وقت بڑا سوال یہی ہےکہ پاکستان کا ہیڈ کوچ کون ہوگا؟ کیا یہ عہدہ کسی غیرملکی کو ملےگا یاپھر مصباح کا انتخاب کیا جائےگا۔
کوئی ورلڈ کپ ایسا نہیں گزرا کہ جس کے بعد پاکستان کرکٹ پر کلہاڑا نہ چلا ہو۔ کم از کم پچھلے 20 سال تو ہمیں یہی بتاتے ہیں کہ ہر بار کبھی کپتان کی کپتانی گئی یا کوچ سمیت پورے عملے کی چھٹی ہوئی۔ اس بار بھی کہانی کچھ مختلف نہیں۔
ورلڈ کپ 2019ء میں سیمی فائنل تک رسائی کی ناکامی کے بعد ہیڈ کوچ مکی آرتھر سمیت پورا تربیتی عملہ فارغ ہوچکا ہے جبکہ کپتان سرفراز احمد کے سر پر بھی تلوار لٹک رہی ہے کہ کہیں ان کی قیادت بھی ایک فارمیٹ تک محدود نہ رہ جائے۔ سرفراز کو لاحق خطرات کی شدت کتنی ہے؟ اس سے قطع نظر فی الحال نئے ہیڈ کوچ کی ’تلاش‘ زور و شور سے جاری ہے۔
جب بھی ایسی کسی سرگرمی کی شروعات ہوتی ہے تو کرکٹ حلقے واضح طور پر 2 حصوں میں تقسیم ہوجاتے ہیں۔
- ایک طرف پاکستان سے تعلق رکھنے والے کوچ کے حامی ہوتے ہیں، اور
- دوسری جانب ایک خاموش لیکن بااثر طبقہ جو غیر ملکی کوچ کی تقرری چاہتا ہے۔