پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کو اقتدار میں ایک سال مکمل ہونے پر وزیراعظم عمران خان کی ہدایت پر ’ پلانٹ فار پاکستان ڈے‘ کے تحت ہر شہر میں شجرکاری کی جارہی ہے جس میں وفاقی وزرا سمیت دیگر حکومتی شخصیات بھی پیش پیش ہیں۔
خیال رہے کہ وزیراعظم عمران خان نے پلانٹ فار پاکستان ڈے منانے کی ہدایت کی تھی جس کے تحت ملک بھر میں آج (18 اگست ) کو 2 کروڑ سے زائد پودے لگائے جائیں گے۔
وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے بھی شجرکاری مہم میں حصہ لیتے ہوئے دفتر خارجہ کے مرکزی لان میں پودا لگایا۔
ریڈیو پاکستان کی رپورٹ کے مطابق اس موقع پر وزیر خارجہ نے پاکستان کی سلامتی اور مقبوضہ کشمیر کے عوام کے لیے خصوصی دعائیں کیں۔
وزیر خارجہ کے ہمراہ سیکریٹری خارجہ سہیل محمود، خصوصی سیکریٹری معظم احمد اور دفتر خارجہ کے دیگر سینئر حکام بھی موجود تھے۔
وزیراعظم کے مشیر برائے موسمیاتی تبدیلی ملک امین اسلم نے وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کے ہمراہ لاہور میں شجرکاری مہم کا افتتاح کیا۔
صوبہ پنجاب میں وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے وزیراعظم کے مشیر برائے موسمیاتی تبدیلی ملک امین اسلم کے ہمراہ لاہور کے علاقے خود پور سے شجرکاری مہم کا افتتاح کیا۔
افتتاحی تقریب میں عثمان بزدار نے واضح کیا کہ صوبے میں جلد پولیتھین فری پنجاب قانون نافذ کیا جائے گا جس کے تحت پلاسٹک بیگز کے استعمال پر پابندی عائد کی جائے گی۔
انہوں نے کہا کہ کشمیری بھائیوں سے اظہارِ یک جہتی کے لیے پنجاب کے ہر شہر میں ایک سڑک اور پارک کو کشمیر سے منسوب کیا جائے گا۔
"ہر بشر دو شجر " مہم کے دوران پی ایچ اے کی جانب سے عوام میں پودے تقسیم کیے گئے، اس کے ساتھ ساتھ گلشن راوی جیلانی پارک ناصر باغ اور اقبال ٹاؤن میں پودے لگائے گئے۔
ڈی جی والڈ سٹی اتھارٹی کامران لاشاری نے گلشن راوی اور ناصر باغ میں جنرل سیکرٹری لاہور بار نے پودا لگایا۔
ڈائریکٹر ہیڈکوارٹر مدثر اعجاز ۔ڈائریکٹر فنانس عثمان غنی، پی آر او نادیہ طفیل سمیت دیگر عملے نے جیلانی پارک میں پودے لگائے۔