عراق کا اردن سے صدام حسین کی بیٹی کی حوالگی کا مطالبہ
سابق عراقی صدر کی بیٹی 2006 سے منظر عام سے غائب ہیں، اطلاعات ہیں کہ وہ اردن میں سیاسی پناہ لیے ہوئے ہیں۔
عراقی ارکان پارلیمنٹ نے ارد ن سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ سابق عراقی صدر صدام حسین کی بڑی صاحبزادی کو عراق کے حوالے کردے۔
اطلاعات ہیں کہ صدام حسین کی بڑی بیٹی 48 سالہ رغد حسین اردن میں ہیں، تاہم اس حوالے سے تصدیقی طور پر کچھ نہیں کہا جا سکتا۔
رغد حسین عراق پر امریکی چڑھائی کے بعد والد کی زندگی میں ہی نکل گئیں تھیں اور رپورٹس کے مطابق وہ صدام حسین کے قریبی عرب ممالک کے بادشاہوں کی خصوصی مہمان کی حیثیت میں زندگی گزارتی رہیں۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق رغد حسین گزشتہ چند سال سے اردن میں ہیں، تاہم گزشتہ برس فروری میں عرب نشریاتی ادارے ’العربیہ‘ نے بتایا تھا کہ صدام حسین کی بڑی بیٹی کا دعویٰ ہے کہ وہ اردن میں نہیں۔
لیکن اس کے باوجود اب عراق نے اردن سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ رغد حسین کو عراق کے حوالے کردے۔