دنیا

بھارت میں بارش اور سیلاب سے تباہی، 150افراد ہلاک

جنوبی ایشیا میں مون سون کی شدید بارشوں کے نتیجے میں اب تک مجموعی طور پر 227 سے زائد افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔

بھارت میں شدید بارشوں کے بعد آنے والے سیلاب اور لینڈ سلائیڈنگ کے نتیجے میں 150 سے زائد افراد ہلاک اور ڈیڑھ لاکھ سے زائد بے گھر ہو گئے۔

بھارت کی چار ریاستوں میں بارش اور سیلاب سے ہونے والی بدتری تباہی سے کم از کم 17 افراد لاپتہ بھی ہو گئے جبکہ میانمار میں بھی بارشوں کے نتیجے میں 50 سے زائد افراد ہلاک ہو گئے۔

بھارتی ریاست کیرالہ میں بارشوں اور سیلاب کے نتیجے میں سرکاری اعدادوشمار کے مطابق کم از کم 60افراد ہلاک ہو گئے جبکہ 200 سے زائد گھر تباہ و برباد ہو گئے۔

ریاست بھر میں ڈیڑھ لاکھ سے زائد افراد بے گھر ہو گئے ہیں جن کے لیے 1300 سے زائد ریلیف کیمپس قائم کر دیے گئے ہیں۔

کیرالہ کی پڑوسی ریاست کرنٹاکہ میں بھی شدید بارشوں کے نتیجے میں بدترین تباہی ہوئی اور بارشوں کے نتیجے میں آنے والے سیلاب سے کم از کم 30 افراد ہلاک اور 14 لاپتہ ہو گئے جبکہ انتظامیہ نے 30ہزار افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کر کے ان کے لیے ایک ہزار ریلیف کیمپس قائم کر دیے ہیں۔

مغربی مہاراشٹر میں بارشوں کے نتیجے میں 40 افراد ہلاک اور 3 لاپتہ ہوگئے جبکہ پڑوسی ریاست گجرات میں 22لوگ مارے گئے۔

جنوبی ایشیا اس وقت مجموعی طور پر مون سون کی شدید بارشوں کی زد میں ہے جہاں بھارت، نیپال، پاکستان اور بنگلہ دیش میں مجموعہ طور پر 227افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔

دوسری جانب میانمار میں شدید بارشوں کے نتیجے میں اب تک 53 افراد ہلاک ہو گئے جبکہ 43افراد کو ریسکیو ورکرز نے بچا لیا۔

بارشوں کے نتیجے میں آںے والے سیلاب سے 4ہزار سے زائد گھر تباہ اور ہزاروں کی تعداد میں افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کردیا گیا ہے۔

میانمار کے چند صوبوں میں گزشتہ ایک ہفتے کے دوران 500ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی ہے جبکہ آئندہ تین سے چار دن میں مزید 250ملی میٹر بارش کی پیش گوئی کی گئی ہے۔