کراچی میں موسلادھار بارش، مختلف حادثات میں 11 افراد جاں بحق
صوبہ سندھ کے دارالحکومت کراچی میں ہفتے کی رات سے شروع ہونے والی موسلادھار بارش کے نتیجے میں شہر کے نشیبی علاقے زیر آب آگئے اور نظام زندگی مفلوج ہوگیا جبکہ مختلف حادثات میں بچے سمیت 11 افراد جاں بحق ہوگئے۔
ڈان نیوز کی رپورٹ کے مطابق گزشتہ رات سے جاری بارش کی وجہ سے شہر کے نشیبی علاقوں میں پانی گھروں میں داخل ہوگیا اور نکاسی کا نظام بھی متاثر ہوا جبکہ شہریوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔
مزید پڑھیں: کراچی کے مختلف علاقوں میں تیز بارش، 3 افراد جاں بحق
دوسری جانب شہر کی اہم شاہراہوں پر بارش کا پانی جمع ہونے کے باعث سڑکیں ندی، نالوں کا منظر پیش کررہی تھیں جبکہ درجنوں گاڑیاں پانی میں پھنس گئیں، جنہیں نکالنے کے لیے شہری اپنی مدد آپ کے تحت کوششیں کرتے نظر آئے۔
کراچی میں کئی گھنٹے تک جاری رہنے والی بارش کے باعث شاہراہ فیصل، ڈیفنس، کلفٹن، گلستان جوہر، نیپا چورنگی، ایئرپورٹ روڈ، کورنگی، نارتھ ناظم آباد، سرجانی ٹاؤن، گلشن اقبال، سہراب گوٹھ، بہادرآباد، اسٹیڈیم روڈ، لیاقت آباد اور ایف سی ایریا میں مختلف مقامات پر کئی فٹ تک پانی جمع ہوگیا۔
اس کے علاوہ سندھ سیکریٹریٹ، سندھ اسمبلی، گورنر ہاؤس کے قریب باغ جناح کے سامنے اور دیگر مقامات پر کئی فٹ پانی سڑکوں پر جمع ہوگیا جبکہ پانی جمع ہونے کے باعث کارساز سے ایئرپورٹ جانے والی سڑک کو ٹریفک کے لیے بند کردیا گیا۔
علاوہ ازیں شہر میں پانی کی نکاسی کے لیے انتظامیہ اور سرکاری مشینری کہیں دکھائی نہیں دی اور نکاسی کا نظام متاثر ہونے کی وجہ سے شہریوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔
یہ بھی پڑھیں: سندھ کے ضلع تھر میں طوفانی بارش، 2 بہنیں جاں بحق
واضح رہے کہ کراچی میں رات سے شروع ہونے والی بارش کا سلسلہ دن بھر جاری رہا۔
اس سے قبل گزشتہ روز وقفے وقفے سے شہر کے مختلف علاقوں میں موسلاھار بارش ہوئی تھی جس کی وجہ سے نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہوگیا تھا اور کچھ علاقوں میں بجلی بھی منقطع ہوگئی تھی۔
مختلف حادثات میں 11 افراد جاں بحق
کراچی میں جاری موسلا دھار بارش کے دوران پیش آنے والے واقعات میں 11 افراد جان کی بازی ہار گئے جن میں 9 افراد کرنٹ لگنے جبکہ 2 افراد چھت گرنے کی وجہ سے جاں بحق ہوئے۔