'عمران خان جتنا ظلم کرلیں، برداشت کریں گے مگر سر نہیں جھکائیں گے'
پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر اور قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف شہباز شریف نے تحریک انصاف کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا ہے کہ عمران خان کی بڑی بھول ہے، وہ سمجھتے ہیں کہ لیگی رہنماؤں کو ڈرا دیں گے، یہ گردن کٹ جائے گی مگر ان کے آگے جھکے گی نہیں۔
قومی اسمبلی میں اظہار خیال کرتے ہوئے شہباز شریف کا کہنا تھا کہ مجھے میرے بھائی سے کوٹ لکھپت جیل میں ملنے نہیں دیا گیا اور باہر روک دیا گیا، پھر مجھے بعد میں پتہ چلا کہ اندر نیب کی ٹیم موجود ہے اور انہوں نے قوم کی بیٹی مریم نواز کو اپنے والد اور یوسف عباس کو اپنے چچا کے سامنے گرفتار کیا۔
انہوں نے سوال کیا کہ 'کیا نیب راستے میں یا ان کی رہائش گاہ سے انہیں گرفتار نہیں کر سکتی تھی'۔
شہباز شریف کی جانب سے 'عمران خان نیازی' کا نام لینے پر ایوان میں شور شرابہ شروع ہوگیا جس پر اسپیکر اسمبلی نے اراکین کو آپس میں بات چیت سے گریز کرنے کا کہا۔
شہباز شریف کا کہنا تھا کہ 'ان کو پہلی مرتبہ گرفتار نہیں کیا گیا، ہم کئی مرتبہ اس راستے سے گزرے ہیں، سر میں چاندی آگئی یہ ظلم و ستم سہتے ہوئے'۔
مزید پڑھیں: اسپیکر قومی اسمبلی سمیت سیاستدانوں کا بھارتی جارحیت پر اظہار مذمت
ان کا کہنا تھا کہ 'عمران خان جتنا ظلم کرں گے برداشت کریں گے مگر سر نہیں جھکائیں گے'۔
انہوں نے کہا کہ 'عمران خان کی بڑی بھول ہے کہ وہ سمجھتے ہیں کہ وہ مسلم لیگ (ن) کو ڈرا دیں گے، یہ گردن کٹ جائے گی مگر ان کے آگے جھکے گی نہیں'۔
اپوزیشن لیڈر کا کہنا تھا کہ 'مودی سرکار نے کشمیر میں جو بدترین قدم اٹھایا ہے اور اس پر غاصبانہ قبضہ کیا اس پر تحریک انصاف نے کوئی اقدامات نہیں کیے جس پر اپوزیشن نے فیصلہ کیا کہ ہم مل کر کشمیری بھائیوں کے لیے ایک آواز سے بات کریں گے اور پوری دنیا میں اس مسئلے کو اجاگر کریں گے'۔
ان کا کہنا تھا کہ 'مریم نواز نے استدعا کی کہ مجھے والد سے ملنا ہے وقت دیا جائے، کیا نیب ایک دن انتظار نہیں کر سکتا تھا'۔
انہوں نے کہا کہ 'یہ پھر ثابت ہوگیا کہ نیب اور پی ٹی آئی کا گٹھ جوڑ ہے اور یہ اپوزیشن کو دیوار سے لگانا چاہتے ہیں'۔
یہ بھی پڑھیں: بھارت کی کسی بھی شرانگیزی کا بھرپور جواب دینے کو تیار ہیں، سول وملٹری قیادت
شہباز شریف کا کہنا تھا کہ 'نواز شریف کو گرفتار کرنے کی اصل وجہ یہ ہے کہ انہوں نے پاکستان کو اندھیروں سے نکالا اور سی پیک لاکر پاکستان کی ترقی و خوشحالی کے لیے بہت بڑا قدم اٹھایا'۔
انہوں نے بتایا کہ 'نواز شریف نے 5 ارب ڈالر ٹھکرا کر پاکستان کو ایٹمی قوت بنایا، ملک کے لوگوں کو روزگار دیا'۔
پشاور کے بی آر ٹی منصوبے کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ 'اس منصوبے میں 100 ارب روپے کا ڈاکا ڈالا گیا، چوروں اور لٹیروں کو پکڑنے کا دعویٰ کرنے والی تحریک انصاف ان کو جاکر پکڑے'۔
ان کا کہنا تھا کہ پشاور کے بی آر ٹی منصوبے کے حوالے سے آڈیٹر جنرل پاکستان کی رپورٹ بھی سامنے آئی مگر کسی نے اس پر کان نہ دھرے۔
انہوں نے کہا کہ 'یہ ملکی معیشت، اسٹاک ایکسچینج، مہنگائی سے توجہ ہٹانے کے لیے اقدامات کیے جارہے ہیں، جو کرپشن میں ڈوبے ہوئے ہیں وہ بادشاہ بن کر پوری دنیا میں پھرتے ہیں'۔
اپوزیشن لیڈر کا کہنا تھا کہ 'پوری قوم سوال کر رہی ہے کہ کرپشن کا نزلہ مسلم لیگ (ن) اور پیپلز پارٹی پر گرایا جارہا ہے، کیا باقی سب دودھ کے دھلے ہیں'۔
ان کا کہنا تھا کہ 'یہ کون کم ظرف تھا جس نے اپنے باپ کے سامنے بیٹی کو اور بھتیجے کو اپنے چچا کے سامنے گرفتاری پر مجبور کیا'۔
امیر کے لیے الگ اور غریبوں کے لیے الگ قانون نہیں ہوسکتا،شفقت محمود
وفاقی وزیر تعلیم و پی ٹی آئی رہنما شفقت محمود نے اسمبلی میں خطاب کرتے ہوئے کہا کہ 'نواز شریف کا قصور یہ تھا کہ انہوں نے منی ٹریل نہیں دی، لندن کے فلیٹ بنانے کے لیے پیسہ کہاں سے آیا جواب چاہیے'۔
ان کا کہنا تھا کہ 'یہ لوگ اپنی چوری اور ڈاکے چھپانے کے لیے پارلیمنٹ کو تو کبھی عدالتوں کو ڈھال بنا کر استعمال کرتے ہیں۔'
انہوں نے کہا کہ 'جب ماڈل ٹاؤن میں لوگوں کے سینے پر گولیاں ماری جارہی تھیں ان کو اس وقت انسانی حقوق کا خیال نہیں آیا، جب ان کے دور میں 2 ہزار سے زائد ماورائے عدالت قتل ہوئے کیا ان کی مائیں اور بہنیں نہیں تھیں؟'۔
مزید پڑھیں: بھارت نے غلطی کی تو خون کے آخری قطرے تک لڑیں گے، وزیراعظم
وزیر تعلیم کا کہنا تھا کہ 'ایک امیر آدمی کی بیٹی کو جب کرپشن میں گرفتار کیا گیا تو ان کو انسانی حقوق کی یاد آگئی'۔
ان کا کہنا تھا کہ امیروں کے لیے قانون الگ اور غریبوں کے لیے قانون الگ نہیں ہوسکتا۔
انہوں نے الزام لگایا کہ 'انہوں نے سرکاری وسائل کو استعمال کرکے اپنی سیاست کا آغاز کیا، بینکوں سے قرضے لیے جو واپس نہیں کیے، چھانگا مانگا کا سلسلہ انہوں نے ہی متعارف کرایا، صحافیوں کو خریدا، 8 ارب روپے جعلی اخباروں میں بانٹے جس کا کوئی حساب نہیں'۔
ان کا کہنا تھا کہ 'ان میں سے اکثریت مجرم ہیں اور ہم ان کا حساب کریں گے، اپنے گناہوں پر پردہ ڈالنے کے لیے جمہوری اداروں کا استعمال بند کریں'۔
یکطرفہ کارروائی قبول نہیں کریں گے، خواجہ آصف
لیگی رہنما خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ گزشتہ روز مہنگائی کے خلاف، معاشی بد حالی کے خلاف آواز اٹھانے کی سزا میں مریم نواز کو گرفتار کرکے جمہوریت کا گلا گھونٹا گیا۔
ان کا کہنا تھا کہ 'احتساب صرف ہمارا کیا جارہا ہے، یکطرفہ کارروائی قبول نہیں کریں گے'۔
انہوں نے کہا کہ 'پاکستان میں غیر ملکی فنڈنگ کا کیس الیکشن کمیشن کے آگے زیر التوا کیوں ہے'۔
انہوں نے تحریک انصاف پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ 'تحریک انصاف کے نام پر اسٹیٹ بینک نے 18 اکاؤنٹ نکالے ہیں، اس کا احتساب کیوں نہیں لیا جاتا'۔
انہوں نے کہا کہ 'نواز شریف نے کسی پر کوئی الزام نہیں لگایا، بلکہ قوم کو بحرانوں سے نکالنے والے نے اپنے وعدے وفا کیے تھے'۔
پاکستان کو تباہی کے دہانے پر لانے والے مہاجروں کی تضحیک کرتے ہیں، علی محمد خان
وزیر مملکت علی محمد خان کا کہنا تھا کہ 'یہ موقع اپنی ذاتی باتیں کرنے کا نہیں ہے، اپوزیشن ایوان کو اپنی صفائیاں پیش کرنے کے لیے استعمال نہ کرے'۔
ان کا کہنا تھا کہ 'اپنی لڑائی عدالتوں میں لڑیں، جو عدالت میں سوالات کیے جاتے ہیں ان کا جواب وہیں دیں یہاں ایوان کا وقت ضائع نہ کریں'۔
یہ بھی پڑھیں: کشمیر کی یکطرفہ تقسیم سے قومی یکجہتی میں اضافہ نہیں ہوگا،راہول گاندھی
علی محمد خان کا کہنا تھا کہ 'ایوان میں سابق صدر مہاجروں کی تضحیک کرتے ہیں، پاکستان کی تاریخ میں دیکھیں، تحریک پاکستان، علی گڑھ موومنٹ میں زیادہ کردار وہاں کے لوگوں کا تھا اور محمد علی جناح، علامہ اقبال بلکہ پورے پاکستان کو مہاجرین پر فخر ہے'۔
انہوں نے کہا کہ 'آج پاکستان کو تباہی کے دہانے پر لانے میں آپ کا ہاتھ ہے، آپ نے عوام کا خون نچوڑا اور قومی خزانہ خالی اور اپنا خزانہ بھرا ہے'۔
بعد ازاں مسلم لیگ (ن) نے ایوان سے احتجاجاً واک آؤٹ کیا جبکہ پیپلز پارٹی ایوان میں بدستور موجود رہی۔