گلگت: دریائے سندھ میں ایک ہی خاندان کی 5 خواتین ڈوب گئیں
گلگت کے علاقے جگلوٹ میں ایک ہی خاندان کی 5 خواتین کپڑے دھونے کے دوران دریائے سندھ میں ڈوب گئیں۔
اس حوالے سے پولیس نے بتایا کہ جگلوٹ کے مقام پر دریا میں ڈوبنے والی خواتین کا تعلق ایک ہی خاندان سے تھا۔
مزیدپڑھیں: کوہستان: دریائے سندھ میں نہاتے ہوئے 3 بہنیں ڈوب گئیں
سپرنٹنڈنٹ پولیس (ایس پی) گلگلت محمد ایاز کے مطابق ڈوبنے والی خواتین میں ماں،بیٹی، 2 بہو اور بھتیجی شامل ہیں۔
اس ضمن میں بتایا گیا کہ ’خواتین دریا کے کنارے پر کپڑے دھو رہیں تھیں کہ اس دوران ایک خاتون کا پاؤں پھسلا اور وہ دریا میں جا گریں‘، اس دوران دیگر رشتے دار خواتین نے ایک دوسرے کو بچانے کی کوشش کی اور وہ تمام دریائے سندھ میں ڈوب گئیں۔
مذکورہ واقعے کے بارے میں بتایا گیا کہ ’مقامی لوگوں نے اپنی مدد آپ کے تحت دو خواتین کی لاشیں نکال لیں تاہم دیگر کی تلاش جاری ہے‘ جبکہ امدادی کام میں مدد کے لیے ریسکیو ٹیمیں بھی روانہ کردی گئیں ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: ہری پور کے قریب دریائے سندھ میں کشتی الٹ گئی، 50 مسافر لاپتہ
واضح رہے کہ رواں برس مئی میں جامشورو کے علاقے بدھاپور میں دریائے سندھ میں مسافر کشتی الٹنے سے ایک ہی خاندان کے 4 افراد ڈوب گئے تھے۔
اس سے قبل گزشتہ برس نومبر میں خیرپور کے مقام پر دریائے سندھ میں مسافروں سے بھری کشتی الٹنے سے ایک خاتون اور 3 بچے ڈوب کر جاں بحق ہوگئے تھے۔
کشتی میں سوار 15 افراد کو بچا لیا گیا تھا، واقعہ سگیو میں لاڑکانہ جاتے ہوئے پیش آیا تھا، کشتی میں 20 افراد سوار تھے جن میں سے 15 افراد کو دریائے سندھ سے نکال کر زندہ بچالیا گیا تھا۔