ڈالر کو کیسے قابو کیا جاسکتا ہے؟
بطورِ ٹیکس کنسلٹنٹ میں کئی لوگوں کو جانتا ہوں جو ڈالر کیش کروانا چاہتے ہیں مگر پوچھ گچھ کے خوف سے ایسا نہیں کررہے۔
پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی جانب سے پیش کی جانے والی ٹیکس ایمنسٹی اسکیم بظاہر کامیاب نظر آئی اور امید پیدا ہوئی ہے کہ کچھ بہتری آئے گی، مگر سب کچھ ٹھیک ہونے کا امکان نہیں کیونکہ معاشی اعتبار سے پاکستان میں جو بڑے مسائل ہیں ان میں سب سے اہم ڈالر کی بڑھتی ہوئی قیمت ہے جس پر عوام تذبذب کا شکار ہیں اور ڈالر کو روپے کے مقابلے میں نیچے لانے کی امیدیں دم توڑتی دکھائی دے رہی ہیں۔
پوری دنیا میں ڈالر کو کنٹرول کرنے کا سادہ اور مستند فارمولا برآمدات کو بڑھانا اور درآمدات کو کم کرنا ہے لیکن یہ عمل سست روی سے آگے بڑھتا ہے، جس کے نتائج سالوں بعد سامنے آتے ہیں۔ لیکن دنیا میں کچھ ممالک نے ڈالر کو کنٹرول کرنے کے لیے ہنگامی بنیادوں پر انتظامات کیے ہیں جن میں ترکی سرِفہرست ہے۔