’قوم شہدا کی مقروض ہے‘، صدر اور آرمی چیف کا یوم شہدائے پولیس پر پیغام
ملک بھر میں آج یوم شہدائے پولیس منایا جارہا ہے جس کی مناسبت سے آرمی چیف اور صدر ملکت سمیت دیگر شخصیات نے اپنے اپنے پیغامات میں شہدا کی جرات اور ان کے اہل خانہ کی استقامت کو سلام پیش کیا۔
یوم شہدائے پولیس سے متعلق کراچی، لاہور، پشاور اور کوئٹہ سمیت ملک کے مخلتف شہروں میں تقریبات منعقد کی گئیں جہاں پولیس کے شہدا کو خراج عقیدت پیش کیا گیا جبکہ ان کی قبروں پر پھول بھی چڑھائے گئے۔
تقریبات میں پولیس کے شہدا کی مغفرت کے لیے قرآن خوانی کا اہتمام کیا گیا تھا جبکہ ان کے درجات کی بلندی کے لیے دعائیں بھی کی گئیں۔
مزید پڑھیں: کراچی: چینی قونصل خانے پر حملے کی کوشش ناکام، 2 پولیس اہلکار شہید
اس کے ساتھ ساتھ اعلیٰ شخصیات نے تقریبات میں شرکت کی، جبکہ پولیس کے شہدا کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے اپنے پیغامات بھی جاری کیے۔
قوم ملکی سلامتی کیلئے جان قربان کرنے والوں کی مقروض ہے، صدر مملکت
صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے یوم شہدائے پولیس پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ قوم ملکی سلامتی کیلئے جان قربان کرنے والوں کی مقروض ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ میں پولیس افسران اور اہلکاروں کی قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کرتا ہوں۔
صدر عارف علوی کا کہنا تھا کہ پولیس اور دیگرسیکیورٹی ادارے دشمن کےخلاف مصروف عمل ہیں، جلد ملک دشمن عناصر کا قلع قمع کردیا جائے گا۔
یہ بھی پڑھیں: کراچی میں فائرنگ سے 2 پولیس اہلکار جاں بحق، وزیراعلیٰ نے نوٹس لے لیا
انہوں نے مزید کہا کہ شر پسند عناصر پاکستان کی ترقی اور استحکام کے مخالف ہیں، ہمیں متحد ہو کر داخلی اور بیرونی سازشوں کا مقابلہ کرنا ہے۔
ملکی سیکیورٹی میں پولیس کے کردار پر بات کرتے ہوئے صدر مملکت کا کہنا تھا کہ امن و امان کے لیے پولیس نے کبھی کسی قربانی سے دریغ نہیں کیا۔
اپنی بات کو جاری رکھتے انہوں نے کہا کہ محدود وسائل کے باوجود پولیس نے عوام کی حفاظت کے لیے مثالی کردار ادا کیا۔
پولیس کے شہدا کو سلام پیش کرتا ہوں، آرمی چیف
پاک فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ نے یوم شہدا پر پولیس کے شہیدوں کو خراج عقیدت پیش کیا اور اسے ایک پیشہ آور فورس قرار دیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کی جانب سے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر ایک بیان جاری کیا گیا جس کے مطابق آرمی چیف کا کہنا تھا کہ پاکستان کی پولیس نے خود کو طاقتور پیشہ وارانہ قوت ثابت کیا ہے۔
یوم شہداء پر اپنے پیغام میں آرمی چیف کا یہ بھی کہنا تھا کہ دیگر سیکیورٹی فورسز کے ہمراہ انسداد دہشت گردی مہم میں پولیس کا کردار اہم ہے۔
لاہور کے الحمر ہال میں ہونے والی تقریب میں گورنر پنجاب چوہدر محمد سرور اور انسپکٹر جنرل (آئی جی) پنجاب پولیس عارف حیات نے شرکت کی۔
اس موقع پر گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور کا کہنا تھا کہ صوبائی کابینہ اور محکمہ پولیس کو شہدا پیکج میں اضافے پر کام کرنا چاہیے۔
ان کا کہنا تھا کہ سیکیورٹی اداروں نے دہشت گردی کے خاتمے میں بھرپور کردار ادا کیا ہے۔
مزید پڑھیں: لورالائی: پولیس لائنز میں دہشتگردی کی کوشش ناکام، 3 حملہ آور ہلاک
چیف سیکریٹری پنجاب یوسف نسیم کھوکھر نے اپنے خطاب میں کہا کہ شہدا کی قربانیوں کے نتیجے میں ملک میں امن واپس لوٹا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ معیشت میں بہتری آتے ہی پولیس کے الاؤنسز میں اضافہ کیا جائے گا۔
آئی جی پنجاب عارف نواز تقریب سے خطاب کرتے ہوئے عزم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پولیس کو اپنی کارکردگی مزید بہتر بنا کر عوام کے دل جیتنے ہیں۔