پاکستان

انکم ٹیکس گوشوراے جمع کروانے کی تاریخ میں ایک مرتبہ پھر توسیع

ایف بی آر نے تاریخ میں ایک ہفتے کی توسیع کردی،اب ٹیکس سال 2018 کیلئے 9 اگست تک انکم ٹیکس گوشوارے جمع کروائے جاسکتے ہیں۔
|

وفاقی بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) نے انکم ٹیکس گوشوارے جمع کروانے کی تاریخ میں ایک مرتبہ پھر توسیع کردی۔

ایف بی آر کی طرف سے جاری نوٹی فکیشن کے مطابق ٹیکس سال 2018 کے انکم ٹیکس گوشوارے جمع کروانے کی تاریخ میں ایک ہفتے کی توسیع کر دی گئی ہے۔

نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ وہ تمام افراد، اے او پیز اور کمپنیاں جنہوں نے ٹکس گوشوارے تاحال جمع نہیں کروائے توہ بروز جمعہ 9 اگست تک ٹیکس سال 2018 کے لیے اپنے انکم ٹیکس گوشوارے جمع کرواسکتے ہیں۔

اگر ٹیکس گوشواروں پر نظر ڈالیں تو اب تک 21 لاکھ لوگوں نے ٹیکس ریٹرنز جمع کروائے ہیں جو ایف بی آر کی تاریخ کے سب سے زیادہ اعداد و شمار ہیں، تاہم مالی سال 2019 کے لیے ایف بی آر اس ہدف کو 40 لاکھ تک لے کر جانے کا ارادہ رکھتا ہے۔

مزید پڑھیں: حکومت نے چھوٹے دکانداروں کیلئے فکسڈ ٹیکس اسکیم متعارف کروادی

خیال رہے کہ اس سے قبل ایف بی آر کی جانب سے انکم ٹیکس گوشوارے جمع کروانے کی آخری تاریخ 2 اگست مقرر کی گئی تھی، جس میں آج توسیع کردی گئی۔

واضح رہے کہ اس سے قبل یکم جولائی کو انکم ٹیکس گوشوارے جمع کروانے کی تاریخ میں توسیع کا نوٹی فکیشن جاری کیا گیا تھا۔

اس نوٹی فکیشن میں کہا گیا تھا کہ انکم ٹیکس آرڈیننس 2001 کے سیکشن 114(1)(بی)(3) سے (4) کی شرائط کے مطابق 250 اور 500 مربع گز یا اس سے زائد کی غیرمنقولہ جائیداد رکھنے والوں کو انکم ٹیکس گوشوارے جمع کروانا لازمی ہے۔

اسی طرح 2 ہزار اسکوائر فٹ یا اس سے زائد کا فلیٹ رکھنے والوں کو بھی انکم ٹیکس گوشوارے جمع کروانے کی ہدایت کی گئی تھی۔

یہ بھی پڑھیں: آف شور ٹیکس بچانے پر اب جیل، جرمانے کا سامنا کرنا ہوگا

علاوہ ازیں اس نوٹی فکیشن میں یہ بھی کہا گیا تھا کہ ایک ہزار سی سی سے بڑے انجن کی گاڑی رکھنے والے کو بھی انکم ٹیکس گوشوارے جمع کروانا ضروری ہو گا۔

یاد رہے کہ گزشتہ روز ایف بی آر کی جانب سے ٹیکس اسکیم کے تحت تاجروں کے لیے بزنس لائسنس، چھوٹے دکانداروں کے لیے آسان ریٹرن فارم اور دیگر اسکیموں کا مسودہ تیار کیا گیا تھا جبکہ چھوٹے دکانداروں کے لیے فکسڈ ٹیکس اسکیم بھی اسی مسودہ کا حصہ ہے۔

اس حوالے سے کہا گیا تھا کہ تمام تاجر 30 ستمبر 2019 تک اپنے ٹیکس گوشوارے مجوزہ اسکیم کے تحت جمع کروانے کے پابند ہوں گے جبکہ مذکورہ اسکیم 5 کروڑ سالانہ ٹرن اوور والے تاجروں کے لیے ہوگی اور اسکیم کے تحت تاجر گزشتہ 5 برس کے ٹیکس گوشوارے جمع کرواسکیں گے۔