چیئرمین سینیٹ کی وزیر اعظم اور جہانگیر ترین سے الگ الگ ملاقات
وزیر اعظم عمران خان سے چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی نے ملاقات کی اور مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا۔
واضح رہے کہ یہ ملاقات ایسے وقت میں ہوئی جب گزشتہ روز ایوان بالا کے چیئرمین کے خلاف اپوزیشن کی تحریک عدم اعتماد ناکام ہوگئی تھی۔
وزیراعظم آفس میں ہوانے والی اس ملاقات میں سینیٹ میں قائد ایوان سید شبلی فراز، وزیر دفاع پرویز خٹک اور سینیٹر بیرسٹر محمد علی سیف بھی موجود تھے۔
ملاقات میں وزیراعظم نے چیئرمین سینیٹ کو ایوان کا اعتماد حاصل کرنے پر مبارکباد دی اور امید ظاہر کی کہ سینیٹ کی کارروائی خوش اسلوبی سے چلانے کے حوالے سے چیئرمین سینیٹ اپنی ذمہ داریاں احسن طریقے سے ادا کرتے رہیں گے۔
مزید پڑھیں: چیئرمین اور ڈپٹی چیئرمین سینیٹ کے خلاف تبدیلی کی تحاریک ناکام
عمران خان نے صادق سنجرانی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آپ کی قیادت پر سینیٹ اراکین کا بھرپور اعتماد آپ کی قائدانہ صلاحیتوں اور ایوان کی کارروائی کو احسن طریقے سے چلائے جانے کی تصدیق ہے۔
ایوان کو غیرجانبداری سے چلاتا رہوں گا، صادق سنجرانی
دوسری جانب چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما جہانگیر ترین سے بھی ملاقات کی۔یہ ملاقات چیئرمین سینیٹ کی رہائش گاہ پر ہوئی جہاں جہانگیر ترین نے چیئرمین سینیٹ کو مبارک باد دی۔