اکشے کمار کا معاوضہ 6 اداکاراؤں سے بھی زیادہ

بولی وڈ میں گزشتہ چند سال سے فلمیں 100 کروڑ سے زائد کی کمائی کرنے لگی ہیں اور اسی وجہ سے اداکاروں نے بھی اپنی فیس دگنی کردی ہیں۔
بولی وڈ میں جہاں ہیروز 20 سے 50 کروڑ روپے تک ایک فلم کا معاوضہ لیتے ہیں، وہیں کچھ اداکار فلم کی کمائی میں بھی حصے کا مطالبہ کرتے ہیں۔
بولی وڈ خانز یعنی عامر، سلمان اور شاہ رخ خان جہاں اداکاری کی فیس لیتے ہیں، وہیں وہ فلموں کی کمائی سے بھی اپنا ایک مخصوص حصہ لیتے ہیں اور اب ان کے نقش قدم پر دیگر ہیروز بھی چل پڑے ہیں۔
جہاں کچھ دن قبل خبر سامنے آئی تھی کہ شاہد کپور نے اپنی فلم ’کبیر سنگھ‘ کی کامیابی کے بعد اپنی فیس بڑھا کر 34 کروڑ روپے کردی ہے۔
وہیں اب بولی وڈ کھلاڑی اکشے کمار کی فیس کے حوالے سے حیران کن خبر سامنے آئی ہے۔
انڈیا ٹوڈے نے اپنی رپورٹ میں ایک اور بھارتی اخبار کی رپورٹ کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا کہ اکشے کمار نے فلم میں کام کرنے کی فیس بڑھاتےہوئے 54 کروڑ روپے کردی۔
اگرچہ رپورٹ میں یہ نہیں بتایا گیا کہ اکشے کمار اپنی آنے والی کن کن فلموں میں اتنی فیس لے رہے ہیں، تاہم دعویٰ کیا گیا کہ انہوں نے فلموں کی کامیابی کے بعد اپنی فیس میں اضافہ کردیا۔
گزشتہ 2 سے 3 سال کے دوران اکشے کمار کی فلمیں کامیاب جا رہی ہیں اور وہ اب ایکشن فلموں میں کام کرنے کے بجائے ’ٹوائلٹ: ایک پریم کتھا‘ اور ’پیڈ مین‘ جیسی سماجی مسائل پر بنی فلموں میں دکھائی دیتے ہیں۔
رپورٹس کے مطابق ایک کے بعد ایک کامیاب فلم دینے کے بعد اکشے کمار نے اپنی فیس بڑھا کر 54 کروڑ روپے کردی۔
رپورٹس کے مطابق 2012 تک اکشے کمار کی فیس 12 کروڑ روپے ہوتی تھی، تاہم گزشتہ چند سال میں ان کی فلمیں مسلسل کامیاب گئی ہیں، جس وجہ سے انہوں نے اپنی فیس بڑھادی۔
اکشے کمار سب سے زیادہ کمائی کرنے والی 100 شخصیات میں واحد بھارتی شخص تھے۔