پاکستان

شمالی وزیرستان: موسیقی، خواتین کے اکیلے باہر جانے کے خلاف ٹی ٹی پی کا انتباہ

تحریک طالبان پاکستان نےمیران شاہ میں عوام کو احکامات پر عمل کرنے یاسنگین نتائج کے لیے تیار رہنے کیلئے خبردار کردیا۔

میران شاہ: کالعدم تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) نے عوام کو اونچی آواز میں گانے سننے، پولیو کے قطرے پلانے اور خواتین کا بغیر کسی محرم کے باہر نکلنے سے خبردار کرتے ہوئے ایسا کرنے والوں کو سخت نتائج کے حوالے سے خبردار کیا ہے۔

اردو زبان میں لکھے گئے خط کو شمالی وزیرستان کے علاقے میران شاہ میں تقسیم کیا گیا جس میں تحریز تھا کہ ’ہم تمہیں خبر دار کرتے ہیں، اس طرح کے بیان طالبان کی جانب سے ماضی میں بھی جاری کیے جاچکے ہیں جن کو سنجیدہ نہیں لیا گیا تھا مگر اس مرتبہ ہم تحریک طالبان پاکستان کے احکامات کی خلاف ورزی کرنے والوں کو سزا دیں گے‘۔

مزید پڑھیں: ٹی ٹی پی کوبھارت،افغانستان استعمال کر رہے ہیں:احسان اللہ احسان

ان کا کہنا تھا کہ ’گھروں کے اندر یا باہر ڈی جے کا استعمال نہیں ہوگا اور جو ہمارے انتباہ کو نظر انداز کرے گا وہ نتائج کا خود ذمہ دار ہوگا‘۔

پولیو ورکرز سے انہوں نے مہم کے دوران بچوں کی انگلیوں پر نشان لگانے کا کہا لیکن ساتھ ہی انہوں نے قطرے پلانے سے خبردار کرتے ہوئے کہا کہ ’ہدایات پر عمل نہ کیا گیا تو سنگین نتائج بھگتنے ہوں گے‘۔

یہ بھی پڑھیں: ٹی ٹی پی نے مفتی نور ولی محسود کو نیا امیر مقرر کردیا

ٹی ٹی پی کے خط میں کمپیوٹر اور دیگر دکانوں پر اونچی آواز میں گانے سننے سے بھی خبردار کیا گیا اور کہا گیا کہ ’جس دکان سے ایسی آواز آئی اسے دھماکے سے اڑا دیا جائے گا‘۔

خط میں مزید کہا گیا کہ ’خواتین کو اکیلے گھروں سے نہیں نکلنا چاہیے کیونکہ یہ ہمارے معاشرے کے لیے خطرناک ہے، ہر 3 میں سے ایک شخص ہمارا مخبر ہے اور یہ عوام کی غلط فہمی ہے کہ ہمارے احکامات پر عمل نہ ہونے کی خبر ہم تک نہیں پہنچے گی، احکامات پر عمل کرو یا نتائج کے لیے تیار ہوجاؤ‘۔