کراچی:بارش رک گئی لیکن مشکلات برقرار، کئی علاقوں میں تاحال بجلی معطل
کراچی میں 2 روز کی بارش کے بعد پیدا ہونے والی مشکلات کو مکمل طور پر دور نہیں کیا جاسکا، شہر کے کچھ علاقے تقریباً 36گھنٹوں سے بجلی سے محروم ہیں جبکہ کے الیکٹرک اسکیم 33 کے ڈی اے گرڈ میں پانی جمع ہونے سے مزید علاقوں کو بجلی کی فراہمی معطل کردی گئی۔
شہر قائد میں بارش تو بند ہوگئی، تاہم اس نے انتظامیہ کے دعووں کی قلعی کھول دی اور شہر کے مختلف علاقوں میں اب بھی پانی موجود ہے مختلف سڑکیں ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہوگئی ہیں جبکہ کیچڑ اور گندگی کے ڈھیر بھی شہریوں کی پریشانی میں اضافہ کر رہے ہیں۔
ملک کے سب سے بڑے شہر میں بارش کے باعث مختلف علاقوں میں اربن فلڈنگ کی صورتحال پیدا ہوگئی تھی اور ملیر، لتھ ڈیم، تھڈو ڈیم میں طغیانی کے باعث پانی کا ریلہ سعدی ٹاؤن، سعدی گارڈن طرف بڑھنے لگا تھا، جس سے قریبی علاقے زیر آب آگئے تھے۔
مزید پڑھیں: کراچی: مویشی منڈی میں پانی بھر جانے سے جانوروں کو نقصان پہنچنے کا خدشہ