’ اداکارہ شادی کرتی ہے تو اگلا سوال حاملہ ہونے سے متعلق پوچھا جاتا ہے‘
بولی وڈ اداکارہ انوشکا شرما نے حاملہ ہونے کی افواہوں سے متعلق ایک بار پھر خاموشی توڑتے ہوئے کہا ہے کہ اگر ایک اداکارہ شادی کرتی ہے تو اس کے بعد اگلا سوال اس کے حاملہ ہونے سے متعلق پوچھا جاتا ہے۔
خیال رہے کہ انوشکا شرما کی آخری فلم 'زیرو' گزشتہ سال دسمبر میں ریلیز ہوئی تھی۔
زیرو فلم میں ان کے ہمراہ کترینہ کیف اور شاہ رخ خان نے مرکزی کردار نبھایا تھا، البتہ فلم بری طرح باکس آفس پر ناکام ثابت ہوئی تھی۔
فلم فیئر کو دیے گئے ایک انٹرویو میں انوشکا شرما نے نہ صرف حاملہ ہونے کی خبروں سے متعلق جواب دیا بلکہ ان کی تردید بھی کی۔
مزید پڑھیں: ’لوگ حمل سے پہلے ماں بنا دیتے ہیں‘
انوشکا شرما نے کہا کہ ’ اگر ایک اداکارہ شادی کرتی ہے تو اس کے بعد اگلا سوال پوچھا جاتا ہے کہ کیا وہ حاملہ ہے؟ جب وہ ڈیٹ کررہی تو پوچھا جاتا ہے کہ شادی کرنے والے ہیں کہ نہیں ؟ یہ انتہائی غیر مہذب ہے‘۔
اداکارہ نے کہا کہ ’ آپ کو لوگوں کو ان کی زندگی جینے کی اجازت دینی چاہیے، مناسب وقت سے پہلے بولنے کی کیا ضرورت ہے؟ ایسا ماحول بنادیا جاتا ہے جہاں غیر ضروری وضاحتیں دینی پڑتی ہیں‘۔