اگست میں استعفیٰ دو ورنہ اکتوبر میں اسلام آبادمارچ ہوگا،مولانا فضل الرحمٰن
ہماراموقف یہ ہے کہ الیکشن دھاندلی زدہ ہیں جس کو ہم تسلیم نہیں کرتے اس لیے نئے الیکشن ہونے چاہیئں، سربراہ جے یو آئی (ف)
جمعیت علما اسلام (ف) سربراہ مولانا فضل الرحمٰن نے وفاقی حکومت سے اگست تک مستعفی ہونے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ استعفیٰ نہ دینے کی صورت میں اکتوبر میں پورا پاکستان اسلام آباد کی طرف آزادی مارچ کرے گا۔
کوئٹہ میں کارکنوں کے ملین مارچ سے خطاب کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمٰن کا کہنا تھا کہ ‘میں یہ بات واضح کردینا چاہتا ہوں کہ کوئٹہ کا ملین مارچ ہمارا آخری ملین مارچ ہے اور اب ہمارا اگلا قدم اسلام آباد میں ہوگا’۔
کارکنوں کو مخاطب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ‘اب ہم اسلام آباد کے لیے جارہے ہیں آپ جائیں گے یا نہیں کوئی رہ تو نہیں جائے گا’۔