’ماہرہ خان نہ تو اچھی اداکارہ ہیں، نہ وہ ہیروئن بننے کے قابل ہیں‘
عمر رسیدہ ماہرہ خان کو چاہیے کہ اب وہ فلموں میں ہیروئن کے کردار ادا کرنے کے بجائے ماں کے کردار ادا کریں، سینیئر اداکار
سینیئر اداکار فردوس جمال نے لولی وڈ سپراسٹار ماہرہ خان کو عمر رسیدہ قرار دیتے ہوئے انہیں تجویز دی ہے کہ اب انہیں فلموں میں ہیروئن نہیں بلکہ ماں کا کردار ادا کرنا چاہیے۔
فردوس جمال کے خیال میں ماہرہ خان نہ تو اچھی اداکارہ ہیں اور نہ ہی وہ ہیروئن بن سکتی ہیں، اس لیے انہیں اب فلموں میں والدہ کا کردار ادا کرنا چاہیے۔
یہ پہلا موقع ہے کہ ماہرہ خان کی عمر اور اداکاری پر کسی معتبر شوبز شخصیت نے اس طرح کی بات کرتے ہوئے انہیں کوئی تجویز دی ہے۔
جمال فردوس نجی ٹی وی چینل ’اے آر وائی‘ پر نشر ہونے والے اداکار فیصل قریشی کے پروگرام میں دوسرے افراد سمیت شریک ہوئے، جہاں دیگر شوبز معاملات سمیت ماہرہ خان کے حوالے سے بھی گفتگو کی گئی۔