پاکستان

عرفان صدیقی 14 روزہ جوڈیشل ریمانڈ پر اڈیالہ جیل منتقل

سابق وزیر اعظم کے معاون خصوصی عرفان صدیقی کو مکان کرایے پر دینے سے قبل پولیس کو آگاہ نہ کرنے پر گرفتار کیا گیا، پولیس
| |

سابق وزیراعظم نواز شریف کے معاون خصوصی اور سینئر کالم نگار عرفان صدیقی کو 14 روزہ جوڈیشل ریمانڈ پر اڈیالہ جیل بھیج دیا گیا۔

عرفان صدیقی کو کرایہ داری ایکٹ کی خلاف ورزی کے الزام میں گرفتار کیا گیا تھا۔

ایف آئی آر میں یہ بھی کہا گیا کہ عرفان صدیقی کو پوچھ گچھ کے لیے تھانے بلایا تھا لیکن وہ پیش نہیں ہوئے چنانچہ قانون کی خلاف ورزی کرنے پر ان کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا ہے۔

خیال رہے کہ عرفان صدیقی کو گزشتہ روز اسلام آباد میں ان کی رہائش گاہ سے گرفتار کیا گیا تھا جس کے بعد انہیں آج جوڈیشل مجسٹریٹ کی عدالت میں پیش کیا گیا اس موقع پر میڈیا کو عدالت میں داخل ہونے سے روک دیا گیا۔

یہ بھی پڑھیں: نیب نے سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی کو گرفتار کر لیا

پولیس حکام کا کہنا تھا کہ انہوں نے مکان کرایے پر دیتے ہوئے متعلقہ تھانے میں اندراج نہیں کروایا تھا، ایف آئی آر کے متن کے مطابق مکان میں جاوید اقبال نامی شخص اپنے اہلِ خانہ کے ہمراہ رہائش پذیر ہے۔

عدالت میں عرفان صدیقی کی جانب سے ان کے وکلا نے ضمانت کی درخواست دائر کی جن کا موقف تھا کہ جس مکان میں کرایہ دار رکھنے کا الزام عائد کیا گیا وہ عرفان صدیقی کی نہیں ان کے بیٹے عمران صدیقی کی مللکیت میں ہے۔

تاہم جوڈیشل مجسٹریٹ نے سابق معاون خصوصی کی درخواست ضمانت مسترد کرتے ہوئے انہیں 14 روزہ ریمانڈ پر اڈیالہ جیل بھیجنے کا حکم دے دیا۔

قبل ازیں ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق گرفتاری کے بعد انہیں عارضی طور پر اسلام آباد کے رمنا پولیس اسٹیشن میں رکھنے کے بعد کرائم انویسٹی گیشن (سی آئی اے) اسٹیشن منتقل کیا گیا تھا۔

مزید پڑھیں: مسلم لیگ (ن) پنجاب کے صدر رانا ثنا اللہ کو اے این ایف نے گرفتار کرلیا

نجی ٹیلی ویژن کی رپورٹ کے مطابق عرفان صدیقی کے صاحبزادے نے تصدیق کی کہ ان کے والد کو رمنا پولیس اسٹیشن میں رکھا گیا تھا البتہ باضابطہ طور پر اس حوالے سے کوئی سرکاری بیان سامنے نہیں آیا تھا۔

عرفان صدیقی پر دائر کی گئی ایف آئی آر کے مطابق سابق معاون خصوصی کو کرمنل پروسیجر ایکٹ کی دفعہ 144 کی خلاف ورزی پر دفعہ 188 کے تحت گرفتار کیا گیا۔

مذکورہ قانون کے تحت ڈپٹی کمشنر اسلام آباد نے جائیدادوں کے تمام مالکان کو ہدایت جاری کر رکھی ہے کہ مکان کرایے پر دینے سے قبل مقامی پولیس اسٹیشن کو آگاہ کیا جائے۔

مسلم لیگ (ن) کا ردعمل

دوسری جانب مسلم لیگ (ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ عرفان صدیقی کو جس گھر کے حوالے سے کرایہ داری ایکٹ کی خلاف ورزی پر گرفتار کیا گیا ہے وہ گھر اُن کے بیٹے کے نام پر ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ کرایہ داری معاہدے کو 3 دن کے اندر رجسٹرڈ نہ کرایا گیا تو مقدمہ درج کرلیا گیا، عرفان صدیقی کے بیٹے نے گھر 20 جولائی کو کرائے پر دیا۔

مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ عرفان صدیقی کو ہاتھ میں ہتھکڑی لگائی گئی۔