کھیل

امام الحق کا اسکینڈل، پی سی بی نے معاملہ ذاتی قرار دے دیا

سماجی رابطوں کی ویب سائٹس پر امام الحق کی لڑکیوں کے ساتھ مبینہ گفتگو کے ساتھ ساتھ کچھ تصاویر بھی زیر گردش ہیں۔

سوشل میڈیا پر قومی ٹیم کے نوجوان اوپننگ بلے باز امام الحق کا اسکینڈل منظر عام پر آنے پر پاکستان کرکٹ بورڈ(پی سی بی) نے معاملے سے لاتعلقی کا اظہار کرتے ہوئے مستقبل میں ایسی صورتحال سے نمٹنے کے لیے اپنے کوڈ آف کنڈکٹ میں نظرثانی پر غور شروع کردیا ہے۔

سماجی رابطوں کی ویب سائٹس پر امام الحق کی لڑکیوں کے ساتھ مبینہ گفتگو کے ساتھ ساتھ کچھ تصاویر بھی زیر گردش ہیں جبکہ ایک خاتون کے ٹوئٹر اکاؤنٹ سے دعویٰ کیا گیا کہ امام الحق کی بیک وقت سات سے آٹھ لڑکیوں کے ساتھ دوستیاں رہی ہیں۔

خواتین کے ایک گروپ نے ایک سے زائد قومی کرکٹرز پر الزامات عائد کیے اور یہ معاملہ سوشل میڈیا پر ٹاپ ٹرینڈ بھی بنا رہا۔

اسی طرح ایک اور خاتون کے نام سے بنائی گئی آئی ڈی میں یہ دعویٰ بھی کیا گیا کہ انگلینڈ میں کھیلے گئے ورلڈ کپ کے دوران بھی اوپننگ بلے باز امام الحق لڑکیوں سے ملتے رہے۔

ابھی تک امام الحق نے اس معاملے پر کسی بھی قسم کی وضاحت پیش نہیں کی جس کے بعد عوام کی جانب سے پی سی بی سے اوپننگ بلے باز کے خلاف کارروائی کرنے کا مطالبہ کیا گیا۔

تاہم پاکستان کرکٹ بورڈ نے اس پر کسی بھی قسم کی کارروائی کا فیصلہ نہ کرتے ہوئے اسے امام الحق کا ذاتی معاملہ قرار دیا ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ اندرون خانہ پی سی بی اس صورتحال پر کافی پریشان ہے اور اسی لیے مستقبل میں ایسی کسی بھی صورتحال سے بچنے کے لیے کھلاڑیوں کے کوڈ آف کنڈکٹ میں نظرثانی پر غور شروع کردیا گیا ہے۔