پاکستان

کراچی: پولیس کا اسٹریٹ کرائم میں ملوث ’بین الاقوامی گروہ‘کی گرفتاری کا دعویٰ

پولیس کی وردی پہن کر 200 سےزائد اسٹریٹ کرائمز کرنے والے گروہ کے 3 کارندے گرفتار ہوگئے، ایس ایس پی ایسٹ اظفر مہسر
|

کراچی پولیس نے دعویٰ کیا ہے کہ پولیس کی وردی پہن کر 200 سے زائد اسٹریٹ کرائمز کرنے والے بین الاقومی گروہ کے 3 کارندوں کو گرفتار کرلیا گیا۔

سینئر سپرنٹنڈنٹ پولیس (ایس ایس پی) شرقی اظفر مہسر نے بتایا کہ گروہ کے زیرحراست 3 مشتبہ افراد کے نام علی، رضا اور عدنان ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: کراچی: چائلڈ پورنوگرافی کے الزام میں ایک شخص گرفتار، قابل اعتراض ویڈیوز برآمد

اپنے دفتر میں پریس کانفرنس کے دوران انہوں نے کہا کہ ’ڈکیتوں کا بین الاقوامی گروہ‘ پولیس کی وردی پہن کر شہر کے مختلف علاقوں میں واردات کرتا تھا۔

انہوں نے بتایا کہ زیر حراست مشتبہ افراد میں گینگ کا لیڈر علی بھی شامل ہے جو کرایے پر حاصل کی گئی کاروں پر واردات کرتا تھا۔

ایس ایس پی ایسٹ نے بتایا کہ گینگ نے مجموعی طور پر تقریباً 200 ڈکیتیاں کیں۔

انہوں نے دعویٰ کیا کہ ’گینگ کے کارندوں نے اٹلی، ترکی، سعودی عرب، دبئی سمیت دیگر ممالک میں بھی جرائم کیے‘۔

مزید پڑھیں: کراچی میں اسٹریٹ کرائمز کی وارداتوں میں اضافہ

اظفر مہسر نے بتایا کہ گینگ 8 کارندوں پر مشتمل ہے جو زیادہ تر بینک اور منی چینجر سے نقدی نکالنے والے شہریوں کو نشانہ بناتے تھے۔

ایس ایس پی نے بتایا کہ ’گینگ کے کارندوں کے پاس سے پولیس سروس کارڈ بھی برآمد ہوئے‘۔

انہوں نے بتایا کہ زیر حراست مشتبہ افراد غیر قانونی طریقے سے پاکستان میں داخل ہوتے اور واردات کے بعد ایران فرار ہوجاتے تھے۔

پولیس نے دعویٰ کیا کہ ملزمان کے قبضے سے اسلحہ اور 3 لاکھ روپے نقد برآمد کیے جو انہوں نے ناگن چورنگی سے چھینے تھے۔

یہ بھی پڑھیں: کراچی: اسٹریٹ کرائم میں کم عمر بچوں کے ملوث ہونے کا انکشاف

انہوں نے بتایا کہ ملزمان سے پولیس یونیفارم، پولیس کیپ اور 9 جعلی پولیس نمبر پلیٹ بھی برآمد کرلی گئی۔

ایس ایس پی ایسٹ نے ابتدائی تفتیش سے متعلق بتایا کہ ملزمان کے نزدیک پاکستان میں واردات ’آسان ہدف‘ تھا۔

دوسری جانب آئی جی سندھ ڈاکٹر سید کلیم امام نے ائیرپورٹ، ریلوے اسٹیشنوں، بس اڈوں پر پولیس اہلکاروں کے روپ میں ڈکیتی کرنے والے ’ایرانی ڈکیت گروہ‘ کے 3 کارندوں کی گرفتاری پر ایس ایس پی ایسٹ اور ان کی ٹیم کو خراج تحسین پیش کیا۔

مزید پڑھیں: کراچی میں اینٹی اسٹریٹ کرائم فورس کا گرفتار ڈاکوؤں پر تشدد

آئی جی سندھ نے موبائل فونز کے 'آئی ایم ای آئی' نمبرز تبدیل کرنے والے ڈکیت گینگ کے 5 ملزمان کی گرفتاری پر ایس ایس پی، اے وی سی سی اوران کی ٹیم کی کارکردگی کوسراہتے ہوئے شاباش دی۔