بھارت چاند کی جانب دوسری بار مشن بھیجنے میں کامیاب
بھارت نے ایک ہفتے کی تاخیر کے بعد چاند پر اپنا دوسرا مشن ’چندریان ٹو‘ 22 جولائی کی دوپہر کو بھیج دیا۔
ابتدائی طور پر بھارت کو ’چندریان ٹو‘ کو گزشتہ ہفتے 15 جولائی کو بھیجنا تھا، تاہم تکنیکی خرابی کی وجہ سے اس مشن کو نہیں بھیجا جا سکا تھا۔
یہ دوسرا موقع ہے کہ بھارت نے اپنا خلائی مشن چاند پر بھیجا ہے اور اگر اس بار انڈیا کا خلائی مشن کامیابی سے چاند پراتر گیا تو بھارت چاند پر پہنچنے والا دنیا کا چوتھا ملک بن جائے گا۔
اس سے بھارت نے 2008 میں بھی چاند پر خلائی مشن بھیجا تھا، تاہم وہ مشن کامیاب نہیں ہوسکا تھا۔
اس بار بھارت کے خلائی تحقیقاتی ادارے، حکومت اور سائنس دانوں کو یقین ہے کہ انہیں کامیابی ملے گی۔
انڈیا ٹوڈے کے مطابق خلائی مشن ’چندریان ٹو‘ کو ریاست آندرا پردیش کے شہر نیلور کے سری ہری کوٹا کے مقام پر قائم ستیش دھون اسپیس اسٹیشن سے تاریخی مشن پر بھیجا گیا۔
’چندریان ٹو‘ کو 22 جولائی بروز پیر کی دوپہر 2 بج کر 43 منٹ پر خلا میں چھوڑا گیا اور اس تاریخی لمحے کو بھارت کے متعدد ٹی وی چینلز نے براہ راست دکھایا۔
’چندریان ٹو‘ نامی مشن کو بھارت میں تیار کردہ دیسی ساخت کے راکٹ میزائل جی ایس ایل وی ایم مارک تھری کے ذریعے بھیجا گیا۔
اس مشن میں ایک چانڈ گاڑی، لونر لینڈر اور روور سمیت 13 سائنسی مشینیں، کیمرے اور آلات بھیجے گئے ہیں جو چاند کے تاریک حصے پر تحقیقات کریں گے۔