مصری فرعون طوطن خامن کے سونے کے تابوت کی مرمت
مصر کے فرعونوں کے 18 ویں نسل سے تعلق رکھنے والے اور مصر پر حکمرانی کرنے والے کم عمر ترین فرعون طوطن خامن کے خستہ حال سونے کے تابوت کی دوبارہ مرمت کا کام شروع کردیا گیا۔
دلچسپ بات یہ ہے کہ طوطن خامن کے سونے کے تابوت کی دوبارہ مرمت کا کام ایک ایسے وقت میں شروع کیا گیا ہے جب کہ 2 ہفتے قبل ہی ان کے دھڑ کا پتھر کا بنا مجسمہ لندن میں ریکارڈ قیمت پر فروخت کیا گیا تھا۔
طوطن خامن کے دھڑ کے مجسمے کو لندن کے ’کرسٹیز‘ آکشن ہاؤس نے نیلام کیا تھا، تاہم مصری حکومت نے اس کی فروخت کو غیر قانونی قرار دیا تھا اور انٹرپول سے مجمسے کو واپس مصر کے حوالے کرنے میں کردار ادا کرنے کی درخواست کی تھی۔
مصر کے مطابق طوطن خامن کا یہ ٹوٹا ہوا مجسمہ 1970 میں چوری کرکے غیر قانونی طور پر لندن منتقل کیا گیا اور اس کی نیلامی بھی غیر قانونی طور پر کی گئی، تاہم آکشن ہاؤس نے مصری حکومت کے تمام خدشات کو مسترد کردیا تھا۔
یہ بھی پڑھیں: فرعون کے 18 ویں خاندان کے بادشاہ کا نصف مجسمہ 95 کروڑ میں فروخت
طوطن خامن کے نصف مجسمے کی فروخت کے بعد اب ان کے خستہ حال تابوت کی بحالی کا کام شروع کردیا گیا ہے اور مصری حکام کے مطابق کم عمر فرعون کا تابوت کی بحالی کا کام آئندہ 8 ماہ میں مکمل کرلیا جائے گا۔