پاکستان

چیئرمین سینیٹ کے خلاف تحریکِ عدم اعتماد پر ووٹنگ آئندہ ہفتے ہوگی

سینیٹ سیکریٹریٹ سے جاری ہونے والے نوٹیفکیشن کے مطابق صادق سنجرانی آئندہ اجلاس کی سربراہی نہیں کرسکیں گے۔

اسلام آباد: چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی کو عہدے سے ہٹانے کے لیے ان کے خلاف اپوزیشن کی جانب سے پیش کی گئی تحریکِ عدم اعتماد پر ووٹنگ آئندہ ہفتے ہوگی۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق سینیٹ سیکریٹریٹ سے جاری ہونے والے نوٹیفکیشن میں کہا گیا کہ صادق سنجرانی آئندہ اجلاس کی سربراہی نہیں کرسکیں گے۔

اس ضمن میں ڈان کو ذرائع نے بتایا کہ آئندہ ہفتے ہونے والے سینیٹ اجلاس کا ایجنڈا چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی اور ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سلیم مانڈوی والا کے خلاف تحریک اعدام اعتماد پر مشتمل ہوگا۔

یہ بھی پڑھیں: تحریک عدم اعتماد لائی گئی تو چیئرمین سینیٹ کی حمایت کریں گے، وزیراعظم

خیال رہے کہ اپوزیشن جماعتوں سے تعلق رکھنے والے سینیٹرز نے 9 جولائی کو چیئرمین سینیٹ کے خلاف جبکہ حکومتی اراکین نے 12 جولائی کو ڈپٹی چیئرمین سینیٹ کے خلاف تحریک عدم اعتماد جمع کروائی تھی۔

اپوزیشن جماعتوں کی جانب سے مشترکہ طور پر نیشنل پارٹی (این پی) کے سربراہ حاصل بزنجو کو نیا چیئرمین سینیٹ نامزد کیا گیا ہے۔

ایک جانب جہاں حزب اختلاف کی جماعتیں واضح برتری کے سبب چیئرمین سینیٹ کو عہدے سے ہٹانے کے لیے پراعتماد ہیں تو دوسری جانب تحریک انصاف اس تحریک کو ناکام بنانے کا عزم رکھتی ہے۔

مزید پڑھیں: تحریک عدم اعتماد: کسی صورت استعفیٰ نہیں دوں گا، چیئرمین سینیٹ

پاکستان پینل کوڈ (پی پی سی) میں درج سینیٹ اصول و ضوابط کے رول نمبر 12 کے مطابق چیئرمین سینیٹ یا ڈپٹی چیئرمین سینیٹ کو عہدے سے ہٹانے کے لیے تحریک پیش کرنے کی اجازت کے حصول کے سلسلے میں ایوان بالا کے ایک چوتھائی اراکین سیکریٹری کو نوٹس جمع کرواسکتے ہیں۔

جس کے بعد سیکریٹری مذکورہ نوٹس کو تمام اراکین کو بھجوانے کا مجاز ہے۔