لائف اسٹائل

گلوکار علی نور مداحوں کے شکرگزار

رواں ماہ کے آغاز میں علی نور کی جگر کے سنگین عارضے میں مبتلا ہونے کی رپورٹس نے مداحوں کو پریشان کردیا تھا۔

پاکستانی گلوکار علی نور کی طبیعت کے حوالے سے رواں ماہ خبر سامنے آئی تھی کہ وہ جگر کے سنگین عارضے میں مبتلا ہیں جس کے بعد مداح ان کے لیے کافی پریشان ہوگئے تھے تاہم اب گلوکار نے خود مداحوں کو اپنی خیریت سے آگاہ کردیا ہے۔

گلوکار نے ٹوئٹر پر ایک ٹویٹ کے ذریعے بتایا کہ وہ اب پہلے سے بہتر ہیں جبکہ انہوں نے مداحوں کی دعاؤں اور سپورٹ پر ان کا شکریہ بھی ادا کیا۔

علی نور نے یہ بھی لکھا کہ وہ جلد ایک اہم اعلان بھی کرنے جارہے ہیں، انہوں نے بتایا کہ وہ کئی عرصے سے ایک پروجیکٹ کر کام کررہے تھے جس کا اعلان وہ پہلے ہی کردیتے تاہم طبیعت کے باعث اس میں تاخیر ہوگئی۔

علی نور کے مطابق اس نئے اعلان کے بعد مداحوں کو ماضی کی کئی باتیں یاد آجائیں گی۔

یاد رہے کہ رواں ماہ کے آغاز میں علی نور کے کزن نے سوشل میڈیا پر بتایا تھا کہ علی نور زندگی اور موت کی کشمکش میں مبتلا ہوگئے ہیں، ان کا جگر ناکارہ ہوگیا ہے اور انہیں مداحوں کی دعاؤں کی ضرورت ہے۔

مزید پڑھیں: جگر کے مرض کے شکار گلوکار علی نور کی حالت پہلے سے بہتر

جس کے بعد ہر کوئی ان کی خیریت جاننے کے لیے اپنی تشویش کا اظہار کرنے لگا۔

بعدازاں علی نور کے بھائی حمزہ نور نے ٹوئٹر پر اعلان کیا تھا کہ علی نور کی حالت پہلے سے بہتر ہے، ان کا علاج کامیابی سے جاری ہے۔

علی حمزہ نے یہ بھی واضح کیا تھا کی علی نور کے لیے جگر عطیہ کوئی خاندان کا فرد ہی کرسکتا ہے تاہم ابھی اس کی ضرورت پیش نہیں آئی۔

گلوکار نے چند روز بعد دوبارہ ٹویٹ کرکے علی نور کی صحت میں بہترین آنے کی خوشخبری مداحوں کو سنائی تھی۔