رائٹرز نے اتوار کو اپنی ایک رپورٹ میں بتایا تھا کہ ٹرمپ انتظامیہ آئندہ 2 سے 4 ہفتوں میں ہواوے کو مصنوعات فروخت کرنے والی کمپنیوں کے لائسنسز کی منظوری دینے کے لیے تیار ہے، تاکہ وہ پرزہ جات چینی کمپنی کو فروخت کرسکیں۔
یہ ہواوے کو مئی میں بلیک لسٹ کیے جانے کے بعد پابندیوں میں نرمی کا عندیہ دینے والا پہلا نمایاں اقدام ہوگا۔
گزشتہ ماہ جی 20 کانفرنس کے دوران چینی صدر سے ملاقات کے بعد امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اعلان کیا تھا کہ امریکی کمپنیوں کو ہواوے کے ساتھ کاروبار جاری رکھنے کی اجازت دی جائے گی جبکہ گزشتہ ہفتے امریکی محکمہ تجارت نے چینی کمپنی سے کاروبار کے لیے امریکی کمپنیوں کو خصوصی لائسنس کا اجرا جاری رکھنے کا عندیہ دیا تھا۔
دوسری جانب ہواوے کا ایک بیان میں کہنا تھا کہ خصوصی لائسنس کے اجرا کی بجائے امریکی حکومت کو کمپنی کو بلیک لسٹ سے نکالنا چاہیے کیونکہ ایسے کوئی ٹھوس شواہد سامنے نہیں آئے کہ ہواوے امریکی سیکیورٹی کے لیے خطرہ ہے۔
امریکی پابندیوں میں نرمی کے اشارے کے بعد اب تجزیہ کاروں نے تخمینہ لگایا ہے کہ 2019 میں ہواوے فونز کی فروخت 26 کروڑ تک پہنچ سکتی ہے خصوصاً اگر اسے جلد دوبارہ گوگل لائسنس تک رسائی مل جائے۔