دنیا

بھارت: چاند کا خلائی مشن روانگی سے ایک گھنٹہ قبل منسوخ

خلائی گاڑی کی لانچ کے موقع پر ایک تکنیکی رکاوٹ آگئی، لانچ کی آئندہ تاریخ کا اعلان بعد میں کیا جائے گا، اسپیس سینٹر

بھارت نے چاند سے متعلق تحقیقات کرنے کے لیے راکٹ روانہ کرنے کا مشن محض ایک گھنٹہ قبل ڈرامائی طور پر تکنیکی مسئلے کے سبب منسوخ کردیا۔

فرانسیسی خبررساں ادارے ’اے ایف پی‘ کی رپورٹ کے مطابق بھارت چندریان 2 یا مون چیریئٹ 2 بھیج کر روس، امریکا اور چین کے بعد چان کی سطح پر خلائی جہاز بھیجنے والا چوتھا ملک بننے کا خواہاں تھا۔

خلائی جہاز روانہ کرنے کے لیے کی جانے والی گنتی 56 منٹ 24 سیکنڈ پر روک دی گئی جسے بھارتی وقت کے مطابق رات 2 بج کر 51 منٹ پر روانہ ہونا تھا۔

یہ بھی پڑھیں: بھارت کا اگلے ماہ چاند پر خلائی مشن بھیجنے کا اعلان

بھارت کے اسپیس ریسرچ آرگنائزیشن (آئی ایس آر او) نے سماجی روابط کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر ٹوئٹ کرتے ہوئے بتایا کہ 56 منٹ پر خلائی گاڑی کی لانچ کے موقع پر ایک تکنیکی رکاوٹ آگئی۔

چنانچہ احتیاط سے کام لیتے ہوئے چندریان کی لانچ آج کے لیے منسوخ کردی گئی جبکہ لانچ کی آئندہ تاریخ کا اعلان بعد میں کیا جائے گا۔

ریاست آندھرا پردیش کے ایک جزیرے پر واقع اسپیس سینٹر کے حکام کا کہنا تھا کہ خلائی گاڑی کو لانچ سسٹم میں مسئلہ تھا تا ہم ادارے نے یہ نہیں بتایا کہ اب یہ روانگی کب عمل میں آئے گی۔

مزید پڑھیں: بھارت چاند کے قطب جنوبی پر خلائی مشن بھیجنے کے لیے تیار

بھارت کی جانب سے چاند کی جانب مشن امریکی خلا باز نیل آرم اسٹرانگ کے چاند پر تاریخی چہل قدمی کی 50 ویں سالگرہ سے 5 روز قبل روانہ کیا جانا تھا۔

بھارت نے چندریان 2 کی تیاری پر 14 کروڑ ڈالر خرچ کیے ہیں جو اب تک کا سب سے سستا مشن بننے جارہا تھا۔

چاند پر اترنے کے دوسرے مشن کے لیے 6 ستمبر کی تاریخ مقرر کی گئی تھی، خاص بات یہ ہے کہ چندریان 2 کا آربیتر، لینڈر، اور روور بھارت میں ہی ڈیزائن اور تیار کیا گیا تھا۔

یہ بھی پڑھیں: بھارت کا سیٹلائٹ گرا کر چوتھی ’خلائی طاقت‘ بننے کا دعویٰ

اس سے قبل بھارت کا پہلا مشن چدرائن 1 چاند کی سطح پر نہیں اتر سکا تھا بلکہ اس نے ریڈار استعمال کر کے پانی کی تلاش کا کام کیا۔

دوسری جانب بھارت مریخ کی جانب بھی تحقیقاتی مشن روانہ کرنے کا ارادہ رکھتا ہے ، 2014 میں سیارہ مریخ کے مدار میں سیٹیلائٹ داخل کرنے والا چوتھا ملک بن گیا تھا۔