ومبلڈن: سیمونا ہیلپ چمپیئن، سرینا کو مسلسل تیسری گرینڈ سلیم شکست
امریکی مشہور ٹینس اسٹار سرینا ولیمز کو ومبلڈن وومنز سنگلز فائنل میں رومانیہ کی سیمونا ہیلپ نے حیران کن شکست دے دی جس کے بعد گرینڈ سلیم فائنل میں ان کی مسلسل شکستوں کی تعداد 3 ہوگئی۔
لندن میں کھیلے گئے فائنل کے لیے سرینا ولیمز کو فیورٹ قرار دیا جارہا تھا لیکن انہیں یک طرفہ مقابلے کے بعد 27 سالہ اسٹار سیمونا ہیلپ سے 2-6 اور 2-6 سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔
ٹینس کی تاریخ میں 24 گرینڈ سلیم جیتنے کا ریکارڈ برابر کرنے والی سرینا ولیمز کو 7 مرتبہ ومبلڈن چمپیئن بننے کا اعزاز حاصل ہے تاہم وہ گزشتہ 7 مقابلوں میں سے 5 میں ناکام رہی ہیں اور گرینڈ سلیم مقابلوں کے فائنل میں یہ ان کی مسلسل تیسری شکست ہے۔
سرینا ولیمز اپنے کیریئر کے ابتدائی 25 گرینڈ سلیم فائنل میں سے 21 میں فتح حاصل کرچکی ہیں جبکہ سب سے زیادہ گرینڈ سلیم جیتنے کا ریکارڈ اپنے نام کرنے کے لیے انہیں صرف ایک کامیابی کی ضرورت ہے۔
ومبلڈن میں شکست کے بعد سرینا ولیمز کا کہنا تھا کہ مجھ سے ہمیشہ فتح کی توقع کی جاتی ہے لیکن سیمونا محنت سے کھیل رہی تھیں اور مجھے بھی جیت کے لیے اسی سطح پر جانے کی ضرورت ہے۔
یہ بھی پڑھیں:نڈال کو سیمی فائنل میں شکست، فیڈرر ومبلڈن اوپن کے فائنل میں